48 گھنٹے کے اندر دھان خریدنے والے کسانوں کو ادائیگی کی جائے
“ہر تھالی میں بہاری ترکاری” مہم پر زور، ویج فیڈ کو مضبوط بنانے کی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 2 دسمبر: بہار کے وزیر کوآپریٹیو ڈاکٹر پرمود کمار نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دھان کی خریداری اور بہار ریاستی سبزی پروسیسنگ اور مارکیٹنگ فیڈریشن (ویج فیڈ – VEGFED) کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں تِرہُت اور پُورنیہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے افسران شامل ہوئے۔
36.85 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی100% خریداری کا ہدف :
اجلاس میں وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ خریف مارکیٹنگ سیزن 2025-26 کے دوران 36.85 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی صد فیصد (100%) خریداری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھان کی خریداری کے بعد کسانوں کو 48 گھنٹے کے اندر اندر ان کے نامزد بینک کھاتوں میں ادائیگی ہر حال میں پہنچ جانی چاہیے۔وزیر نے کسانوں کے مسائل کے فوری حل، خریداری کے پروگرام کی بڑے پیمانے پر تشہیر و فروغ، اور خریداری کے عمل کی مؤثر نگرانی پر خاص زور دیا۔اجلاس میں کوآپریٹیو سوسائٹیز کے رجسٹرار، ضلع کوآپریٹیو افسران، ضلع آڈٹ افسران، ضلع کوآپریٹیو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور بی ایس ایف سی (BSFC) کے ضلعی سطح کے افسران موجود تھے۔
“ہر تھالی میں بہاری ترکاری” مہم پر زور
ویج فیڈ کے ورک پلان کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد “ہر تھالی میں بہاری ترکاری” مہم کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے ہدایت دی کہ پرائمری سبزی پروڈیوسر کوآپریٹیو سوسائٹیز (PVCS) کو مضبوط کیا جائے۔ پی وی سی ایس کی رکنیت میں توسیع کے عمل کو تیز کیا جائے۔ کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں کی تربیت فراہم کی جائے۔ پیاز کے ذخیرہ اندوزی اور کولڈ چین کی تعمیر کے کام میں تیزی لائی جائے۔وزیر نے ریاست میں پیاز کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے، کولڈ چین کا ڈھانچہ تیار کرنے، اور نئے سبزی آؤٹ لیٹس کی تعمیر میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان بنیادی ڈھانچوں کی وقت پر ترقی سے ریاست میں سبزیوں کی پیداوار، پروسیسنگ اور مارکیٹنگ کو نئی رفتار ملے گی۔



