علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نارتھ ہال ہاسٹل میں پیر کی رات دیر گئے دو گروپوں کے درمیان زبردست فائرنگ ہوئی۔ کیمپس میں فائرنگ کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس فائرنگ میں ہاسٹل میں موجود اے ایم یو کے ہومیوپیتھک ڈاکٹر سمیت تین افراد کو گولی لگی۔ جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ فائرنگ کے بعد اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر وسیم احمد، پروکٹوریل ٹیم اور سول لائن پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے طلباء کی شناخت کے لیے تفتیش کی۔
طلباء سے ملی اطلاع کے مطابق پیر کی رات تقریباً 11 بجے کچھ طالب علم اے ایم یو کے وی ایم ہال کے باہر بیٹھے تھے۔ اسی دوران ایک گروپ کے کچھ طلباء منہ ڈھانپے وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے تیزی سے فائرنگ شروع کر دی۔ طلباء سے لڑائی بھی ہوئی۔ جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔
اس کے بعد فائرنگ کرنے والے طلباء نے دوسرے گروپ کے طلباء کو بلایا اور دوبارہ نارتھ ہال ہاسٹل میں آکر بات کرنے کو کہا۔ رات ایک بجے کے قریب طلباء نارتھ ہال پہنچے تو دونوں گروپوں میں پھر جھگڑا شروع ہوگیا اور فائرنگ شروع ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے کئی راؤنڈ ہوئے جس سے چاروں طرف خوف و ہراس کی فضاء پھیل گئی۔ جس میں 3 طلباء زخمی ہوئے۔