ایک فلسطینی عہدے دار نے جمعے کو بتایا کہ اسرائیل 39 فلسطینی قیدیوں، جن میں 24 خواتین اور 15 نوجوان مرد شامل ہیں، کو مقبوضہ مغربی کنارے میں رہا کرے گا جبکہ حماس کی جانب سے 13 قیدیوں کو غزہ میں رہا کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا کہ فلسطین کے قیدیوں کے لیے کمشنر قدوره فارس نے بتایا کہ تمام فلسطینی قیدیوں کو شام چار بجے (جی ایم ٹی) رہا کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی اوفر ملٹری جیل میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دا ریڈ کراس کے حوالے کیا جائے گا۔
اسی وقت غزہ اور مصر کے بارڈر پر حماس کی جانب سے 13 اسرائیلی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا، جو کہ فریقین کے مابین معاہدے کا حصہ ہے۔
فارس نے روئٹرز کو بتایا: ’جب ریڈ کراس کو فلسطینی قیدی مل جائیں گے تو جو مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھتے ہیں وہ وہاں جائیں گے جبکہ جن کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے وہ بیتونیا مینوسپل کونسل میں جمع ہوجائیں گے جہاں ان کے خاندان والے ان کے منتظر ہوں گے۔‘