National

ہلدوانی تشدد: بن بھول پورہ میں معمول پر آ رہے حالات، آج سے کرفیو میں کچھ گھنٹوں کی مشروط نرمی

184views

اتراکھنڈ کے ہلدوانی واقع بن بھول پورہ میں تشدد کے بعد کئی دنوں سے جاری کرفیو کے بعد اب حالات دھیرے دھیرے معمول پر آنے لگے ہیں۔ بہتر ہوئے حالات کو دیکھ کر آج سے کچھ گھنٹوں کے لیے بن بھول پورہ میں مشروط طور پر کرفیو میں نرمی دی گئی۔ بن بھول پورہ کے تشدد زدہ علاقوں میں کچھ مقامات پر 7 اور کچھ مقامات پر 2 گھنٹے کی نرمی کرفیو میں دی گئی ہے۔

نینی تال کی ضلع مجسٹریٹ وندنا سنگھ کے ذریعہ جاری حکم میں آج سے کرفیو زدہ علاقوں میں کہیں 2 اور کہیں 7 گھنٹے کی نرمی دی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے کرفیو زدہ علاقہ میں ضروری سامان کی فراہمی کے لیے کاروباری ادارہ کھلے ہوں گے۔ ساتھ ہی علاقہ کے عام لوگ ضروری سامان کی خرید و فروخت اور دکانوں تک آمد و رفت کر سکیں گے۔

ضروری اشیا کی فراہمی کرنے والی گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت متعلقہ مجسٹریٹ کے ذریعہ جاری پاس سے ملے گی۔ یہ اجازت کرفیو والے علاقہ کے تحت ہوگی۔ کرفیو زدہ علاقہ کے باشندوں کی علاقہ سے باہر آنے اور جانے پر پابندی ہوگی۔ کرفیو متاثرہ علاقوں میں رہنے والے طلبا و طالبات کو بورڈ امتحانات، یونیورسٹی امتحانات اور مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے ایڈمٹ کارڈ دکھائے جانے پر امتحان کی مدت میں امتحان والی جگہ تک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

تشدد اور کرفیو کے حالات معمول پر ہونے کے بعد یہاں کے مدرسوں میں پڑھنے والے بچوں کو ان کے نزدیکی اسکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ اس کے لیے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ پی آر چوہان نے چیف ایجوکیشن افسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مبینہ مدرسہ میں رجسٹریشن لیے ہوئے بچوں کی فہرست تیار کرتے ہوئے ان کا داخلہ قریبی اسکول میں کرایا جانا یقینی بنائیں، تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.