بنگال حکومت وقف پر بل لانے کی تیاری میں
کلکتہ 25نومبر (یواین آئی) مغربی بنگال اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہوگیا ۔چو ں کہ سرمائی اجلاس میں مغربی بنگا ل حکومت وقف ترمیمی بل 2024کے خلاف بل پیش کرسکتی ہے ۔اس کی وجہ سے سرمائی اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان بڑھ گیا اور سیشن کے پہلے دن ہی اس کا نظارہ دیکھنے کوملا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی حکومت رواں سرمائی اجلاس کے دوران وقف ترمیمی بل کے خلاف ایک بل پیش کرے گی ۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اسے بل کی صورت میں لایا جائے گا یا تجویز کی صورت میں۔ اپوزیشن بی جے پی نے اس کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر کو شروع ہوا۔ ندیا کے پالشی پارہ کےممبر اسمبلی مانک بھٹا چاریہ جنہیں سی بی آئی نے اساتذہ تقرری گھوٹالہ میں وگرفتارکیا تھا جیل سے رہائی کے بعد پہلی مرتبہ آج اسمبلی پہنچے ۔بی جے پی ذرائع کے مطابق اس مرتبہ وہ ریاستی حکومت کے ساتھی یکجہتی کا مظاہرہ نہیں کرے گی ۔مانسون سیشن کے آخری دن جب حکمراں پارٹی کے ممبران نے ریاستی ترانہ بنگلر مٹی، بنگلر جل گایا تو بی جے پی کے ممبر اسمبلی بھی کھڑے ہوگئے۔ تاہم اس مرتبہ بی جے پی اس شائستگی کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔وقف ترمیمی بل کی مخالف کرنے کے ساتھ نومنتخب ممبران اسمبلی کی حلف برداری میں شرکت نہیں کرے گی۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے چیف وہب شنکر گھوش نے پیر کو پارٹی کے ممبران اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر نومنتخب ممبران اسمبلی کی حلف برداری ہوتی ہے تو اس میں بی جے پی کے ممبران کی شرکت نہیں ہوگی۔ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کے اقلیتی سیل کو مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے وقف ترمیمی بل (2024) کے خلاف ریلی نکالنے کی ہدایت دی ہے۔ ترنمول اقلیتی سیل کے چیئرمین اور اٹہار کے ممبر اسمبلی مشرف حسین نے 30 نومبر کو رانی راس منی ایونیو میںایک ریلی کا اہتمام کیا ہے۔