Sports

ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو چار وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کیا کلین سویپ

45views

باسٹیئر، 13 دسمبر (یو این آئی) عامر جنگو (ناٹ آؤٹ 104)، کیسی کارٹی (95) اور گڈاکیش موتی (44 ناٹ آؤٹ اور ایک وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے تیسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو چار وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شکست دے دی۔ 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے عامر جنگو کو ’پلیئر آف دی میچ‘ اور شرفین ردرفورڈ کو ان کی عمدہ کارکردگی پر ’پلیئر آف دی سیریز‘ سے نوازا گیا۔بنگلہ دیش کے 321 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ رہا اور 36 رن کے اسکور پر اس کے تین وکٹ گر گے۔ برینڈن کنگ (15)، ایلک ایتھنیز (سات) اور کپتان شی ہوپ (تین) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد 15ویں اوور میں ویسٹ انڈیز نے 86 کے اسکور پر شرفین ردرفورڈ (15) کی شکل میں چوتھا وکٹ گنوا دیا۔بحران کے ایسے وقت میں عامر جنگو نے کیسی کارٹی کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 132 رن کی شراکت ہوئی۔ اس شراکت داری نے ویسٹ انڈیز کی فتح کی بنیاد رکھی۔ 34ویں اوور میں رشاد حسین نے کیسی کارٹی کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ کیسی کارٹی نے 88 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 95 رن بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے روسٹن چیز (12) کو بھی رشاد حسین نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ بلے بازی کے لیے آئے گڈاکیش موتی نے عامر جنگو کا بخوبی ساتھ نبھایا۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے میچ وننگ پارٹنرشپ کی۔ عامر جنگو نے 83 گیندوں پر چھ چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے (ناٹ آؤٹ 104) رن کی اننگز کھیلی۔ جبکہ گڈاکیش موتی نے 31 گیندوں میں تین چوکے اور تین چھکے لگا تے ہوئے ناٹ آؤٹ 44 رن بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے 45.5 اووروں میں چھ وکٹوں پر 325 رن بنائے اور میچ چار وکٹوں سے جیت لیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دو وکٹ حاصل کئے۔ تسکین احمد، نسیم احمد اور حسن محمود نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور صرف نو رن کے اسکور پر اس کے دو وکٹ گر گئے۔ تنجد حسن اور لٹن کمار داس کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ ان دونوں بلے بازوں کو الزاری جوزف نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد سومیا سرکار اور کپتان مہدی حسن معراج نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 136 رن کی شراکت داری ہوئی۔ 24ویں اوور میں گڈاکیش موتی نے سومیا سرکار (73) کو ایل بی ڈبلیو کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ 30ویں اوور میں شرفین ردرفورڈ نے مہدی حسن معراج (77) کو رن آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کو چوتھا دھچکا دیا۔ عفیف حسین دھربو (15) کو شرفین ردرفورڈ نے آؤٹ کیا۔اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے محمود اللہ اور ذاکر علی کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔ محمود اللہ نے 63 گیندوں میں سات چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے (84 ناٹ آؤٹ) رن کی اننگز کھیلی۔ ذاکر علی نے 57 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رن (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 321 رن بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے دو وکٹ حاصل کئے۔ شرفین ردرفورڈ اور گڈاکیش موتی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.