کو بنگال سے مٹاؤ: ممتابنرجی
تقسیم کی سیاست سے بنگال کا اتحاد نہیں ٹوٹنے دیں گے
کولکاتہ :بنگالی نئے سال کے موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک بار پھر سیاسی پیغام کے ذریعے بی جے پی کو نشانہ بنایا اور عوام سے اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی۔ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پر اپنے تحریر کردہ پیغام اور ویڈیو کے ذریعے کہا کہ نئے سال کی یہ صبح سب کی زندگیوں سے غم اور اندھیرا دور کرے اور ہر انسان کی زندگی خوشیوں سے بھر جائے۔ تاہم مبارکبادی پیغام کے ساتھ انہوں نے نام لیے بغیر بی جے پی اور مرکزی حکومت پر سخت حملہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ کچھ تقسیم کرنے والی آمرانہ طاقتیں بنگال کے امن، بھائی چارے اور روایتی ہم آہنگی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن ریاست کے عوام ایسا کبھی ہونے نہیں دیں گے۔ ممتا نے اپنے پیغام میں کہا کہ بنگال ہمیشہ اتحاد، ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی علامت رہا ہے اور یہاں کے لوگ ہر طرح کی نفرت انگیز سیاست کا جمہوری انداز میں جواب دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مرکز پر یہ الزام بھی لگایا کہ دہلی کی حکومت بنگال کو مختلف منصوبوں اور مالی حقوق سے محروم کر رہی ہے، اس کے باوجود ترنمول حکومت نے ریاست میں 105 سماجی فلاحی اسکیمیں نافذ کی ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ایجنسیوں کے ذریعے بنگال پر دباؤ بنا رہی ہے اور سیاسی انتقام کی سیاست کر رہی ہے۔ ممتا بنرجی نے ووٹر لسٹ سے نام حذف ہونے کے مسئلے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی اہل ووٹروں کو اپنے حقوق کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا، جو جمہوریت کے لیے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں عوام سے ان کا ووٹ کا حق چھیننے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن بنگال کے لوگ اس کا جواب بیلٹ کے ذریعے دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بڑی تعداد میں حصہ لیں اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔ اپنے پیغام کے اختتام پر ممتا بنرجی نے بنگال کے عوام سے عہد لینے کو کہا کہ وہ ہر قسم کی تفرقہ انگیزی، نفرت اور آمرانہ سوچ کو مسترد کریں گے اور ریاست کے امن و اتحاد کو برقرار رکھیں گے۔ ان کے اس پیغام کو اسمبلی انتخابات سے پہلے ترنمول کانگریس کی ایک اہم سیاسی اپیل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



