بنگال کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری
شوبھیندو حکومت کا اعلان: سرکاری ملازمت کی عمر میں 5 سال کی رعایت
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ، 11 مئی:مغربی بنگال کی نئی تشکیل شدہ حکومت نے پیر کے روز ریاستی سیکریٹریٹ نبنا میں اپنی پہلی کابینہ میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کے بعد حکومت نے انتظامی، سیکورٹی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق کئی اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔ ان میں ہند-بنگلہ دیش سرحد پر باڑ لگانے کے لیے بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کو زمین منتقل کرنا اور ریاست میں آیوشمان بھارت صحت اسکیم سمیت مرکزی حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کو نافذ کرنا شامل ہے۔وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے کابینہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے بی ایس ایف کو زمین منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زمین کی منتقلی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے اور اگلے 45 دنوں کے اندر یہ زمین مرکزی وزارت داخلہ کے حوالے کر دی جائے گی۔ ان کے مطابق اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد بی ایس ایف سرحد پر باڑ لگانے کا کام تیزی سے مکمل کرے گی، جس سے غیر قانونی دراندازی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران سرحدی علاقوں میں دراندازی اور باڑ بندی کا مسئلہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کا ایک اہم موضوع رہا تھا۔ بی جے پی نے سابق ترنمول کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے جان بوجھ کر بی ایس ایف کو زمین فراہم نہیں کی تاکہ سرحدی انفراسٹرکچر کی تعمیر نہ ہو سکے۔ پارٹی کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ سرحد پار سے آنے والے غیر قانونی درانداز بعض سرحدی اضلاع میں ترنمول کانگریس کے ووٹ بینک کا حصہ بن چکے ہیں۔مغربی بنگال کی بنگلہ دیش کے ساتھ تقریباً 2216.7 کلومیٹر طویل سرحد ملتی ہے، جس کے ایک بڑے حصے پر اب تک باڑ نہیں لگائی جا سکی ہے۔وزیر اعلیٰ نے ریاست میں بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں پانچ سال کی رعایت دی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی حکومت اچھی حکمرانی، عوامی تحفظ اور ترقیاتی کاموں کو اولین ترجیح دے گی اور ریاست کو مرکزی حکومت کی اہم فلاحی اسکیموں سے مزید مؤثر طریقے سے جوڑا جائے گا۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4594813