کولکاتہ :مغربی بنگال کے انتخابی میدان میں اس وقت سیاسی درجہ حرارت عروج پر ہے، جہاں بی جے پی امیدوار اور پولیس مبصر کے درمیان مبینہ خفیہ ملاقات نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ اس معاملے نے نہ صرف سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے بلکہ قانونی جنگ کا رخ بھی اختیار کر لیا ہے، کیونکہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے اس پر کارروائی کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔یہ تنازع 20 اپریل کو اس وقت شروع ہوا جب ڈائمنڈ ہاربر اسمبلی حلقہ سے ترنمول امیدوار پننال ہلدر نے سنگین الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی امیدوار دیپک ہلدر نے چند پارٹی رہنماؤں کے ساتھ رات کے اندھیرے میں ایک سرکاری لاج میں الیکشن کمیشن کے پولیس مبصر سے خفیہ ملاقات کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مبینہ میٹنگ کی ویڈیو بھی ان کے پاس موجود ہے، جسے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ترنمول امیدوار نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے دباؤ میں آ کر ترنمول کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہا ہے، جبکہ ان کی شکایات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود، ان کا کہنا تھا کہ ڈائمنڈ ہاربر کے عوام اب بھی ترنمول کے ساتھ کھڑے ہیں۔ادھر اتوار کومنگراہاٹ ایسٹ اور ویسٹ اسمبلی حلقوں میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے بی جے پی اور کمیشن پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ سمجھتے تھے کہ خاموشی سے سب کچھ ہو جائے گا اور کسی کو خبر نہیں ہوگی، لیکن حقیقت سب کے سامنے آ چکی ہے۔اابھیشیک بنرجی نے مزید دعویٰ کیا کہ اس خفیہ ملاقات کی ویڈیو عوام کے سامنے آ چکی ہے اور اس کے بعد انتظامیہ نے کچھ پولیس افسران کے تبادلے بھی کیے ہیں، جس سے شکوک و شبہات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر سب کچھ شفاف تھا تو پھر اچانک افسران کو کیوں ہٹایا گیا؟اس پورے معاملے کے بعد ترنمول کانگریس نے 24 گھنٹوں کے اندر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا اور اب نظریں ہائی کورٹ پر مرکوز ہیں، جہاں اس حساس معاملے پر آئندہ سماعت میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ اس تنازع نے انتخابی فضا کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے اور اس کے اثرات ووٹنگ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عدالت اس معاملے میں کیا رخ اختیار کرتی ہے اور کیا واقعی اس مبینہ خفیہ ملاقات کے پیچھے کوئی بڑی سازش تھی یا یہ محض انتخابی الزام تراشی کا حصہ ہے۔
بی جے پی امیدوار کی خفیہ ملاقات پر تنازع، ترنمول ہائی کورٹ پہنچ گئی
مقالات ذات صلة










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593202