مان بازار میں ممتا بنرجی کا امن اور ترقی کا پیغام
کولکاتہ :اسمبلی انتخابات کے ماحول میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پرولیا کے مان بازار میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جنگل محل میں امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ یہ خطہ دوبارہ کبھی خوف، تشدد اور بندوق کی سیاست کی طرف واپس نہیں جانا چاہیے۔ مان بازار کے پاتھرکٹا فٹبال گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے میں ممتا بنرجی نے ماضی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب دوپہر کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے بھی ڈرتے تھے۔ ان کے مطابق اس دور میں پورا جنگل محل خوف اور خونریزی کی لپیٹ میں تھا، لیکن ترنمول حکومت آنے کے بعد حالات بدلے اور علاقے میں امن لوٹا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں صرف امن ہی نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں کو بھی نمایاں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ماتیر سرشتی‘ منصوبے کے تحت بنجر اور سخت زمین کو زراعت کے قابل بنانے کی کوشش کی گئی، ہزاروں ایکڑ اراضی میں کاشت کے بہتر انتظامات کیے گئے اور پانی کے ذخیرے کے لیے کئی تالاب کھدوائے گئے۔ تعلیم کے شعبے میں انہوں نے بتایا کہ علاقے میں نئے سرکاری کالج قائم کیے گئے ہیں تاکہ دیہی طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولتیں مل سکیں۔ ساتھ ہی پینے کے پانی، سیاحت، اسٹیڈیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا بھی ذکر کیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت کے فلاحی منصوبے ذات، مذہب یا برادری دیکھ کر نہیں بلکہ سب کے لیے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو، مسلمان، سنتال، مہاتو یا کسی بھی طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو یکساں طور پر سرکاری سہولتیں دی جا رہی ہیں ۔انہوں نے عوام کو یاد دلایا کہ حکومت کی جانب سے مفت راشن، 5 لاکھ روپے تک ہیلتھ کارڈ، کنیا شری، شکشا شری، سائیکل، اسمارٹ فون اور اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ جیسی اسکیمیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مئی کے بعد مفت راشن کا چاول براہ راست لوگوں کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ ساتھ ہی کہا کہ آئندہ دنوں میں ہر علاقے میں ڈاکٹر کیمپ لگا کر لوگوں کے دروازے تک طبی سہولت پہنچائی جائے گی۔
جلسے کے آخر میں ممتا بنرجی نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ انتخابات سے پہلے جھوٹے وعدے کرتی ہے، لیکن بعد میں عوام کو بھول جاتی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو گیس سلنڈر کی بڑھتی قیمتوں پر بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔آخر میں ممتا بنرجی نے مان بازار اسمبلی حلقہ سے ترنمول امیدوار سندھیا رانی ٹوڈو کے حق میں ووٹ مانگتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ترنمول کے ساتھ کھڑے رہیں۔



