شوبھندو حکومت نے ساتویں پے کمیشن کو دی منظوری
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مغربی بنگال میں نئی بی جے پی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنا ایک بڑا انتخابی وعدہ پورا کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ شوبھندو کی قیادت میں ریاستی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے ساتویں تنخواہ کمیشن کے نفاذ پر مہر لگا دی ہے۔ پیر کو کابینہ کی دوسری میٹنگ کے بعد وزیرآگنی مترا پال نے اس اہم فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا۔اس فیصلے کے بعد ریاست بھر کے لاکھوں سرکاری ملازمین، اساتذہ اور پنشنرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کافی عرصے سے سرکاری ملازمین ساتویں پے کمیشن کے نفاذ اور بقایا ڈی اے کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ نئی حکومت کے اس اعلان کو ملازمین کے لیے بڑی راحت مانا جا رہا ہے۔کابینہ میٹنگ کے بعد وزیر اگنی مترا پال نے کہا کہ حکومت نے عوام اور سرکاری ملازمین سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی سمت میں بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ان کے مطابق ساتویں پے کمیشن نافذ ہونے سے ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ریاستی سرکاری نظام میں نیا جوش پیدا ہوگا۔حالانکہ پیر کی کابینہ میٹنگ میں مہنگائی بھتہ یعنی ڈی اے کے بقایا جات پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا، لیکن حکومت کے اس اعلان کے بعد سرکاری ملازمین کو امید ہے کہ بقایا ڈی اے کے معاملے پر بھی جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ اس معاملے پر الگ سے تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات کے دوران اپنے منشور میں ساتواں پے کمیشن نافذ کرنے، مرکزی شرح کے مطابق ڈی اے دینے اور سرکاری ملازمین کی مالی حالت بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ اقتدار میں آنے کے صرف چند دن بعد حکومت کے اس فیصلے کو سیاسی حلقوں میں بھی کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ادھر اپوزیشن جماعت ترنمول کانگریس نے اس اعلان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو پہلے مکمل نوٹیفکیشن اور نفاذ کی تاریخ واضح کرنی چاہیے۔ دوسری جانب سرکاری ملازمین کی مختلف تنظیموں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جلد عملی نفاذ شروع ہوتا ہے تو یہ لاکھوں خاندانوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہوگا۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4595442