ممتا کا الٹی میٹم، ایک ووٹ بھی نہیں چھوڑنا
کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے نتائج سے محض ایک دن پہلے سیاسی درجۂ حرارت عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی نے ہفتہ کے روز ریاست بھر کے گنتی ایجنٹوں کے ساتھ تقریباً تین گھنٹے طویل ورچوئل میٹنگ کر کے واضح پیغام دیا کہ ترنمول کانگریس اس بار 200 سے زیادہ سیٹیں جیتنے جا رہی ہے، اس لیے کسی بھی سطح پر لاپرواہی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی نے ایجنٹوں کو ہدایت دی کہ وہ گنتی کے دن مکمل چوکسی اختیار کریں اور آخری نتیجے تک گنتی مراکز میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیٹ پر جیت کا فرق کم ہو،چاہے وہ 200 ہو یا 1000 ووٹ،تو فوراً دوبارہ گنتی (ری کاؤنٹنگ) کا مطالبہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا، آپ سب نے محنت کی ہے، ہمیں جیت کو یقینی بنانا ہے، کسی بھی قیمت پر غلطی نہیں ہونی چاہیے۔ممتا نے ایجنٹوں کو نہ صرف تکنیکی معاملات پر محتاط رہنے کی ہدایت دی بلکہ ان کی روزمرہ تیاریوں تک پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجنٹ ہلکی غذا لیں، باہر کا پانی یا کھانا نہ کھائیں اور کسی بھی قسم کی پیشکش کو احتیاط سے قبول کریں۔ ان کے مطابق، گنتی کے دن ہر چیز پر نظر رکھیں،ڈیٹا انٹری سے لے کر ہر ووٹ کی گنتی تک،کیونکہ آپ کا ووٹ کسی اور کے کھاتے میں جا سکتا ہے۔دوسری جانب ابھیشیک بنرجی نے گنتی کے عمل میں ممکنہ دھاندلی کے خدشات پر تفصیلی رہنمائی دی۔ انہوں نے ای وی ایم کے سیریل نمبر کو فارم 17C سے ملانے، وی وی پی اے ٹی گنتی کا مطالبہ کرنے اور ہر مرحلے کو نوٹ کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی مرحلے پر بے ضابطگی نظر آئے تو فوری اعتراض درج کیا جائے۔انہوں نے نندی گرام کے سابقہ تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ گنتی کے دن بجلی کی بندش یا دباؤ ڈالنے جیسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا سکتے ہیں، اس لیے ایجنٹوں کو ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ ان کے مطابق، ہمیں ہر قدم پر چوکس رہنا ہے، کیونکہ معمولی سی غفلت بھی نتیجہ بدل سکتی ہے۔ممتا بنرجی نے اس موقع پر ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو کارکنان ووٹنگ کے دوران متاثر ہوئے یا مشکلات کا سامنا کیا، پارٹی بعد میں انہیں انعام دے گی۔ اس بیان کو کارکنوں کے حوصلے بلند کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ریاست میں 294 اسمبلی حلقوں کے نتائج 4 مئی کو صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی گنتی کے بعد سامنے آئیں گے۔ ایسے میں ترنمول کی قیادت کی جانب سے یہ جارحانہ تیاری ظاہر کرتی ہے کہ پارٹی نہ صرف جیت کے لیے پُراعتماد ہے بلکہ ہر ممکن سطح پر اپنی برتری کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی تیار ہے۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593725