
ممتاآر جی کار اسپتال کے ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے معاملے میں مجرم سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنائے جانے پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم سب نے سزائے موت کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ سیالدہ عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انیربن داس نے سنیچر کو سنجے رائے کو گزشتہ سال 9 اگست کو اسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینی خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کا مجرم قرار دیا۔ اس گھناؤنے جرم سے ملک بھر میں غم و غصہ پھیل گیا اور کافی دیر تک احتجاج جاری رہا۔سنجے کو 10 اگست 2024 کو آر جی کار اسپتال کے سیمینار روم میں 31 سالہ ڈاکٹر کی لاش ملنے کے ایک دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ جج نے اسے انڈین جوڈیشل کوڈ (بی این ایس) کی دفعہ 64، 66 اور 103(1) کے تحت مجرم قرار دیا ہے۔
