آر پی ایف نے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا
مدھوپور، ۴؍نومبر: مدھوپور آر پی ایف اور ریلوے حکام کے مطابق چھٹھ تہوار کے پیش نظر، آر پی ایف اہلکار اور ریلوے اہلکار اسٹیشنوں پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور محفوظ ٹریفک کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی چوکسی اختیار کر رہے ہیں۔ مدھو پور ریلوے اسٹیشن اور پلیٹ فارم اور ٹرین کے داخلی راستوں پر نگرانی رکھی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہر سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس دوران پلیٹ فارم پر بھیڑ کو منظم طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔ مسافروں کو ٹرین میں بحفاظت چڑھنے اور اترنے میں مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سامان کی حفاظت پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ ٹرین کے آنے پر مسافروں کے درمیان انکوائری آفس کے عہدیداروں اور آر پی ایف کے عہدیداروں کے ذریعہ انتظامات کئے جارہے ہیں،تاکہ ڈی بورڈنگ مسافر پہلے اترے اور اس کے بعد ہی مسافر سوار ہوں۔ آر پی ایف اہلکار نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات میں تعاون کریں اور غیر ضروری بھیڑ پیدا نہ کریں۔کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس کو دیں۔ عہدیداروں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وقت پر اسٹیشن پہنچیں اور چھٹھ تہوار کے دوران اپنے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ چھٹھ تہوار کے دوران ہر سال ریلوے اسٹیشنوں پر بھیڑ کا دباؤ بڑھتا ہے، ایسے میں آر پی ایف کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ مسافر محفوظ محسوس کریں اور بغیر کسی پریشانی کے اپنے سفر سے لطف اندوز ہو سکیں۔