International

اسرائیل کے مغربی کنارے کو ضم کرنے کے مطالبے پر امریکی انتباہ

49views

اسرائیلی حکومت ٹرمپ کی جیت کو مغربی کنارے کے الحاق کا ایک بہترین موقع سمجھتی ہے

نیو یارک 12 نومبر (ایجنسی)اسرائیلی وزیر خزانہ بزلئیل سموٹرچ کی جانب سے گذشتہ روز کنیسٹ میں ہونے والی اجلاس کے دوران امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کا خیر مقدم کیے جانے کے ساتھ یہ انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیل غرب اردن کو ضم کرنے کی تیاری کررہا ہے۔باخبر اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت ٹرمپ کی جیت کو مغربی کنارے کے الحاق کا ایک بہترین موقع سمجھتی ہے اور یہ مسئلہ اس وقت اسرائیلی مقتدر حلقوں میں زیر بحث ہے۔ان ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو 20 جنوری کو ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے فوراً بعد مغربی کنارے پر خودمختاری نافذ کرنے کی تجویز پیش کریں گے۔دوسری طرف ٹرمپ انتظامیہ کے کم از کم دو عہدیداروں نے سینیر اسرائیلی وزراء کو یہ خیال پیش کرنے کے خلاف متنبہ کیا ہے۔ تین با خبر ذرائع نے ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کو بتایا کہ منتخب صدر اپنی دوسری مدت کے دوران مغربی کنارے کے اسرائیل کے الحاق کی حمایت کریں گے۔تاہم ٹرمپ کے سابق مشیروں نے ان کے اس طرح کے اقدام کی حمایت کرنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ اسے “ناگزیر نتیجہ” کے طور پر نہیں سمجھا جانا چاہیے۔سموٹریچ نے کل اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کی بہ دولت سنہ 2025 “یہودیہ اور سامریہ‘‘ (مغربی کنارے) میں خودمختاری کا سال ہوگا”۔قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ “یہ اسرائیلی خودمختاری کا سال ہے”۔ ان کا اشارہ فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کی طرف تھا۔گذشتہ جمعہ کو نیتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ میں اسرائیلی سفیر یحئیل لیٹر کو مقرر کیا جائے گا۔ لیٹر ایک سابق سیٹلمنٹ لیڈر ہیں جنہوں نے بار بار مغربی کنارے کے بڑے حصوں کو ضم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے شدید مخالف ہیں۔ مغربی کنارا جس پر 1967ء سے اسرائیل کا قبضہ ہے ایک سال سے زائد عرصے سے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔ غزہ کی پٹی میں سات اکتوبر 2023ء کو شروع ہونے والے حملے کے بعد سے غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف عسکری کار روائیوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ فلسطینی شہریوں پر انتہا پسند آباد کاروں کے حملوں میں بھی اضافہ ہوا، جس سے امریکی انتظامیہ نے کئی گروپوں پر پابندیاں عائد کیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.