International

امریکی انتخابات: الہان عمر نے اسرائیل کے حامی ریپبلکن امیدوار کو شکست دے دی

22views

واشنگٹن، 6 نومبر (یو این آئی) امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان ​​عمر نے انتخابات 2024 کے دوران اپنے حریف و اسرائیل کی حامی ریپبلکن امیدوار کو باآسانی شکست دے دی۔مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق صومالی نژاد مسلم خاتون ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اسرائیل کے حامی گروپوں کی جانب سے گزشتہ اگست میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں انہیں ہٹانے کی کوشش کی گئی تھی۔مینیسوٹا کے پانچویں ضلع کی نمائندگی کرنے والی الہان عمر کے مدمقابل ریپبلکن امیدوار دالیہ العقیدی تھیں جو ایک عراقی نژاد تارک وطن ہیں جو خود کو سیکولر مسلمان کہتی ہیں اور اسرائیل کی حامی ہیں، جبکہ ان کے برعکس الہان عمر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی شخصیت ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 87 فیصد ووٹوں کی گنتی کے مطابق الہان عمر نے دالیہ العقیدی کے 23.6 فیصد کے مقابلے میں 76.4 فیصد ووٹ حاصل کیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الہان عمر نے چوتھی بار رکن کانگریس بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار راشدہ طلیب بھی مشی گن کی نشست پر کامیاب ہوگئیں، راشدہ طلیب بھی غزہ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کئی مرتبہ آواز اٹھا چکی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکا کے ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز نے برتری حاصل کرنے کے بعد ڈیموکریٹک رکن الہان عمر کو دو سال پہلے دیے گئے اسرائیل مخالف بیان پر خارجہ امور کمیٹی سے باہر کردیا تھا۔امریکی ایوان نمائندگان میں اکثریت رکھنے والے ری پبلکن اراکین نے الہان عمر کو ہٹانے کی وجہ 2019 میں دیے گئے ان کا بیان قرار دیا تھا حالانکہ انہوں نے اپنے بیان پر معذرت بھی کرلی تھی۔صومالی نژاد الہان عمر امریکی ایوان نمائندگان میں واحد افریقی نژاد اور چند مسلمان خواتین میں سے ایک تھیں اور وہ خارجہ امور کے پینل کی ذیلی کمیٹی برائے افریقہ میں ڈیموکریٹک نمائندگی کر رہی تھیں۔واضح رہے کہ امریکہ میں 47ویں صدر کے انتخاب متعدد ریاستوں میں پولنگ اختتام کو پہنچ گئی ہے تاہم سوئنگ ریاستوں جارجیا اور پنسلوینیا میں پولنگ کا وقت بڑھا دیا گیا، متعدد ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔صدارتی انتخاب میں جیت کے لیے 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں جبکہ 7 پانسہ پلٹ ریاستیں ایریزونا، جیورجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا اور اور وسکونس جیت کی راہ میں اہم کردار ادا کریں گی۔امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک 246 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے جبکہ کاملا ہیرس 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.