Sports

یوپی واریئرز نے دیپتی شرما کو ٹیم کا کپتان بنایا

130views

لکھنؤ، 09 فروری (یو این آئی) یوپی واریئرز نے ہندوستان کی بہترین آل راؤنڈر دیپتی شرما کو 14 فروری سے شروع ہونے والی ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2025 کے لیے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔دیپتی شرما کو یہ ذمہ داری یوپی واریئرس کی کپتان ایلیسا ہیلی کے زخمی ہونے کی وجہ سے ڈبلیو پی ایل سے باہر ہونے کے بعد دی گئی ہے۔ ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں پہلی بار کپتان کا اعلان انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کے یک روزہ میچ سے عین قبل امول کرکٹ لائیو شو کے دوران کیا گیا۔ڈبلیو پی ایل کا تیسرا سیزن یوپی واریئرز کے گھر لکھنؤ میں منعقد ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے میچ لکھنؤ میں منعقد کیے جائیں گے اور ہوم ٹیم کی قیادت بھی ہوم اسٹیٹ سے ہی کوئی کرکٹر کرے گی۔ بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپئی ایکنا کرکٹ اسٹیڈیم میں، یوپی واریرز گجرات جائنٹس (3 مارچ)، ممبئی انڈینز (6 مارچ) اور رائل چیلنجرز بنگلور (8 مارچ) سے کھیلے گی۔دیپتی نے یوپی واریئرز کے لیے 17 میچ کھیلے ہیں، 16 اننگز میں 385 رن بنائے ہیں جن میں ان کے نام تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا ذاتی سب سے زیادہ اسکور 88 رن ناٹ آؤٹ ہے۔ گیند کے ساتھ بھی دیپتی نے 17 میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کی ہیں۔کپتان بنائے جانے پر دیپتی شرما نے کہا، “میں یوپی واریئرز کا کپتان مقرر ہونے پر بہت خوش اور یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ یہ میری آبائی ریاست کی ٹیم ہے۔ یوپی واریرز کے پاس ایک بہترین ٹیم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس سیزن میں بھی ہم اپنے شائقین کا کرکٹ کے واریئرز برانڈ کے ساتھ منورنجن کریں گے۔ ہم اپنے گھر کے شائقین کے سامنے لکھنؤ میں کھیلنے کا انتظار نہیں کر سکتے اور امید کرتے ہیں کہ اگلی نسل کی خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔”کیپری اسپورٹس کے ڈائریکٹر اور ٹیم اونر جنیشا شرما نے کہا، “دیپتی ہندوستانی کرکٹ میں سب سے زیادہ ورسٹائل اور اثر انگیز کھلاڑیوں میں سے ایک ہے اور ہم اس سیزن میں ان کے یوپی واریئرز کی قیادت کرنے پر بہت خوش ہیں۔ ان کا تیز کرکٹ ذہن، ہمہ جہت صلاحیتیں اور دباؤ میں پرسکون قیادت اسے اس ٹیم کی رہنمائی کے لیے مثالی کپتان بناتی ہے۔ ایک عالمی سطح کی میچ جیتنے والی اور ایک سخت حریف کے طور پر دیپتی نے بار بار کھیل کا رخ موڑنے کی اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ ان کی قیادت میں ہمیں یقین ہے کہ یوپی واریئرز بے خوف، متحرک کرکٹ کھیلے گی اور ہمارے شائقین کا سر فخر سے بلند کرے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یوپی واریئرس 16 فروری کو وڈودرا میں گجرات جائنٹس کے خلاف ویمنس پریمیئر لیگ کے تیسرے سیزن میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.