International

اسرائیل کی جانب سے سفید فاسفورس کے استعمال کی اطلاعات پر تشویش ہے: وائٹ ہاؤس

249views

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اس ہفتے کے آخر میں اسرائیل کا دورہ کریں گے

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے ایئر فورس ون میں سوار صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ کو ان رپورٹوں پر تشویش ہے کہ اسرائیل سفید فاسفورس استعمال کر رہا ہے۔ واشنگٹن اس معاملے پر مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

جان کربی نے مزید کہا کہ سفید فاسفورس پر مشتمل گولہ بارود کا “جائز فوجی مقصد” ہوتا ہے۔ تاہم ان تمام صورتوں میں جن میں اس طرح کے گولہ بارود برآمد کیے جاتے ہیں۔ امریکہ کو پوری توقع ہے کہ سفید فاسفورس قانون کے مطابق مسلح تصادم میں صرف ان جائز مقاصد کے لیے ہی استعمال کیا جائے گا۔

مزید برآں امریکی عہدیدار نے کہا واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو بڑھانا نہیں چاہتا۔ ہم دوسرا محاذ نہیں دیکھنا چاہتے۔ ہم لڑائی کی توسیع نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان اشاعتوں کے تناظر میں بھی ہم فکرمند ہیں جن میں لبنان میں سفید فاسفورس کے استعمال کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

یاد رہے امریکی اخبار “واشنگٹن پوسٹ” نے پہلے خبر دی تھی کہ اسرائیل نے گذشتہ اکتوبر میں جنوبی لبنان پر حملوں کے دوران امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ سفید فاسفورس گولہ بارود استعمال کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اخبار کی جانب سے گولہ بارود کے ٹکڑوں اور جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر کے تجزیہ کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے ۔

ایک امریکی اور اسرائیلی عہدیدار نے اتوار کو اخبار ’’ ٹائمز آف اسرائیل‘‘کو بتایا کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اس ہفتے کے آخر میں ایک ایسے وقت میں اسرائیل کا دورہ کریں گے جب واشنگٹن کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے تقریباً ہفتہ وار بنیادوں پر اپنے حکام کو وہاں بھیجنے کا خواہاں ہے۔

امریکی عہدیدار نے بتایا کہ جیک سلیوان اس دورے کے دوران اسرائیلی حکام پر زور دیں گے کہ وہ غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کریں۔ سلیوان غزہ میں شہریوں کی اموات کے متعلق بھی امریکی تحفظات کا اظہار کریں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.