گجرات: موربی پل حادثہ معاملہ میں ’اوریوا‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ملی راحت، سپریم کورٹ نے دی مشروط ضمانت
موربی بل حادثہ معاملہ میں سلاخوں کے پیچھے قید اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل کو سپریم کورٹ نے ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ جئے سکھ پٹیل کو سپریم کورٹ نے سخت شرائط کے ساتھ ضمانت پر رِہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم عدالت عظمیٰ نے 22 مارچ کو سنایا۔
قابل ذکر ہے کہ جئے سکھ پٹیل پر اکتوبر 2022 میں موربی پل انہدام سے متعلق حادثہ کو لے کر الزامات کا سامنا ہے۔ اس معاملہ میں ٹرائل کورٹ کے ذریعہ فیصلہ سنایا جانا ہے۔ اس حادثہ میں تقریباً 135 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اوریوا نامی کمپنی 2008 سے اس پل کا مینجمنٹ دیکھ رہی تھی۔ کمپنی نے مرمت کے بعد 2022 میں دیوالی سے قبل اسے شہریوں کے لیے کھول دیا تھا۔
جئے سکھ پٹیل کا کردار جانچ کے دائرے میں آ گیا کیونکہ انھوں نے پل کو پھر سے کھولنے کا اعلان کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس منعقد کی تھی۔ لیکن پل کو کھولنے سے پہلے مرمت کا کام صحیح طریقے سے کیا گیا ہے یا نہیں، اس سلسلے میں کوئی سرٹیفکیٹ نہیں لیا گیا۔ اس معاملے میں پٹیل 14 مہینے سے جیل میں ہیں۔
جئے سکھ پٹیل کو ضمانت دیتے ہوئے جسٹس ابھے اوکا اور جسٹس اُجول بھوئیاں کی بنچ نے متاثرہ کے رشتہ داروں کی اس دلیل پر بھی غور کیا کہ پٹیل ایک بااثر شخص ہیں اور اس معاملے میں متاثرہ کے رشتہ داروں کی نمائندگی کر رہے وکیل اُتکرش دَوے کو پولیس سیکورٹی کی ضرورت ہے۔ اس تعلق سے سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ’’یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقدمہ کے ختم ہونے تک وکیل کو دی گئی سیکورٹی کو جاری رکھے۔ متعلقہ پولیس اسٹیشن کے انچارج افسر مذکورہ وکیل کے خطرے کا مدتی جائزہ کریں گے تاکہ یہ یقینی کیا جا سکے کہ وہ بے خوف ہو کر اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے رہیں۔‘‘