سماج وادی پارٹی نے بدایوں لوک سبھا سیٹ سے شیو پال یادو کی جگہ ان کے بیٹے آدتیہ یادو کو امیدوار بنایا ہے۔ اس سے قبل شیو پال یادو نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود الیکشن نہیں لڑیں گے اور اپنے بیٹے کو الیکشن لڑنے دیں گے۔ کل آدتیہ یادو بدایوں سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ ایس پی نے سلطان پور سیٹ پر بھی امیدوار تبدیل کیا ہے۔ بھیم نشاد کی جگہ انڈیا الائنس کے امیدوار رام بھول نشاد کا مقابلہ اب بی جے پی کی مینکا گاندھی سے ہوگا۔
یہ الزام لگتا رہا ہے کہ سیاسی پارٹیاں خاندان کے لوگوں کو سیاست میں آگے بڑھاتی ہیں اور اس سے کوئی بھی پارٹی اچھوتی نہیں ہے۔آدتیہ کو بھی اسی نظر سے دیکھا جا رہا ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما کے بیٹے کو یہ پہلی مرتبہ ٹکٹ مل رہا ہے ۔ یہ بی جے پی سمیت تمام سیاسی پارٹیوں میں عام ہے۔ آدتیہ یادو کا یہ پہلا الیکشن ہے۔
ٹکٹ ملنے کے بعد جب آدتیہ یادو سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ انہیں عوام اور کارکنوں کے مطالبے پر ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ٹکٹ ملنے کے بعد انہیں یا کسی اور کو عوام کے درمیان جانا ہے اور عوام کا آشیرواد لینا ہے۔ اس کے بعد ہی وہ ایم پی یا ایم ایل اے بنتے ہیں۔ وہ راجیہ سبھا یا ایم ایل سی بن کر پارلیمنٹ یا اسمبلی میں نہیں جا رہے ہیں۔