National

گیانواپی کیس: مسلم فریق کو بڑا جھٹکا، الٰہ آباد ہائی کورٹ نے کہا تہہ خانے میں جاری رہے گی پوجا

گیانواپی کیس: مسلم فریق کو بڑا جھٹکا، الٰہ آباد ہائی کورٹ نے کہا تہہ خانے میں جاری رہے گی پوجا
97views

گیانواپی کیس میں الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ ہائی کورٹ نے مسلم فریق کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ویاس تہہ خانے میں ہندو فریق کی پوجا جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔اس سے قبل وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ نے بھی اس معاملے میں ہندوؤں کے حق میں فیصلہ دیا تھا، جس کے خلاف مسلم فریق نے الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ تاہم، یہاں بھی مسلم فریق کو مایوسی ہوئی اور الہ آباد ہائی کورٹ نے گیانواپی کے ویاس تہہ خانے میں ہندوؤں کو پوجا کرنے کا حق محفوظ رکھا۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ہائی کورٹ نے ہندو اور مسلم دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ پہلے ہی محفوظ کر لیا تھا۔ وارانسی عدالت کے اس حکم کو انجمن انتظام کمیٹی نے چیلنج کیا تھا، جس میں پوجا پر روک لگانے کی بات کہی گئی تھی۔

مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننے کو تیار

مسلم فریق نے دعویٰ کیا کہ وارانسی کورٹ نے ڈی ایم کو ریسیور مقرر کیا ہے، جو پہلے ہی کاشی وشوناتھ مندر کے رکن ہیں۔ اس لیے انہیں تعینات نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم فریق نے یہ بھی کہا ہے کہ دستاویز میں کسی تہہ خانے کا ذکر نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گیان واپی مسجد کے سروے کے بعد تہہ خانے کو کھولا گیا تھا۔ شیلیندر کمار پاٹھک نے اس معاملے میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد 31 جنوری کو ڈسٹرکٹ جج کے حکم پر ہندو فریق کو پوجا کا حق دیا گیا۔ حکم کے بعد کاشی وشوناتھ ٹرسٹ نے پوجا شروع کر دی تھی۔

درحقیقت، پوجا شروع ہونے سے پہلے، ہندو فریق نے دعویٰ کیا تھا کہ نومبر 1993 سے پہلے اس وقت کی ریاستی حکومت نے ویاس تہہ خانے میں پوجا کو روک دیا تھا۔ جسے دوبارہ شروع کرنے کا حق دیا جائے۔ ساتھ ہی مسلم فریق نے پلیس آف ورشپ ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے عرضی کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن عدالت نے مسلم فریق کی درخواست کو مسترد کر دیا اور ہندو فریق کو گیانواپی کے ویاس تہہ خانے میں پوجا کرنے کا حق دے دیا۔

Follow us on Google News