International

امریکی افواج کے انخلا کا پہلا مرحلہ 2025 میں ختم ہوگا: عراق

84views

قا ہرہ 10 نومبر (ایجنسی) عراق میں داعش کے خلاف لڑنے کے لیے امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحاد کی بقا کے بارے میں جاری بحث کی روشنی میں عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی افواج کے انخلا کا پہلا مرحلہ اگلے سال ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے ’’العربیہ‘‘ کو بیانات میں مزید کہا کہ عراقی حکومت کے ساتھ مشترکہ بین الاقوامی اتحاد کے مشن کو ختم کرنے کے نام سے ایک معاہدہ کیا گیا ہے۔ کئی بار ملاقات کرنے والی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی بنیاد پر اس معاہدہ کو تشکیل دیا گیا تھا۔باسم العوادی نے یہ بھی وضاحت کی کہ کمیٹی کسی سیاسی حالات یا دباؤ کے بغیر اپنے نتیجے پر پہنچی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کے لیے ایک تسلی بخش معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اسے امریکہ کی منظوری مل گئی ہے۔ انخلا کا پہلا مرحلہ ستمبر 2025 میں ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دوسرا مرحلہ ستمبر 2025 میں شروع ہو کر ستمبر 2026 میں ختم ہو گا۔
واپسی کا ٹائم فریم
عراقی حکام نے گزشتہ ستمبر میں بیانات میں کہا تھا کہ اس معاملے پر واشنگٹن اور بغداد کے درمیان ایک واضح ٹائم فریم کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا۔ تاہم اس حوالے سے واشنگٹن بڑی حد تک خاموش رہا ہے۔ عراقی وزیر دفاع نے بھی دو ماہ قبل اس بات کی تصدیق کی تھی کہ دو سال کے عرصے میں اتحادی افواج کے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے تعلقات کو پائیدار سکیورٹی شراکت داری میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔عراقی وزیر دفاع نے العربیہ کے ساتھ ایک سابق انٹرویو میں کہا تھا کہ اتحاد کے مشن کو دو مرحلوں میں ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ یہ مرحلہ اس سال شروع ہو کر 2025 تک جاری رہے گا اور دوسرا مرحلہ 2026 میں ختم ہو گا۔ واضح رہے تقریباً 2500 امریکی فوجی اب بھی عراق میں بین الاقوامی اتحاد کے ایک حصے کے طور پر موجود ہیں۔ یہ امریکی فوجی عراقی افواج کو تربیت دینے اور مشاورتی اور امدادی مشن کے تحت موجود ہیں۔ 2017 میں ملک سے داعش کی شکست کے بعد ان کی تعداد کم ہو گئی تھی۔
تاہم اس موجودگی نے ملک میں کچھ مسلح دھڑوں اور ایران کے وفادار سیاسی گروپوں میں غصہ بڑھایا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.