Jharkhand

بھاجپا آدی باسیوں کی جل،جنگل اور زمین کو چھیننا چاہتی ہے

43views

جمشیدپور میں راہل گا ندھی نے مودی کو جم کر نشانہ بنایا

جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور 9؍نومبر:کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے آج جمشیدپور آزاد نگر کے گاندھی میدان میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں دو نظریات کی جنگ چل رہی ہے۔ ایک طرف انڈیا گٹھ بندھن اور دوسری طرف بی جے پی اور آر ایس ایس۔انہوں نے کہا کہ جہاں انڈیا گٹھ بندھن کے لوگ دستور کی حفاظت کر رہے ہیں وہیں بی جے پی اور آر ایس ایس دستور کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ہمارے ملک کے دستور میں برسا منڈا ،بھیم رائو، ڈاکٹر امبیدکر اور مہاتما گاندھی جی کی سوچ ہے اس لئے انڈیا گٹھ بندھن چاہتی ہے کہ ملک کو دستور کے تحت چلایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جب کہ بھاجپاملک میں نفرت کی دکان چلا رہی ہےتو ہم اس کے جواب میں محبت کی دکان چلا رہے ہیں ۔بھاجپا سرمایہ داروں کی جماعت ہے اور وہ غریبوں بے سہاروں ،مزدور اور کسان کی دشمن جماعت ہے ۔جبکہ ہم ملک میں ترقی چاہتے ہیں اور خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے لئے برسر پیکار ہیں ۔انہوں نے خواتین کے سلسلے میں کہا کہ پچیس سو رو پیہ ہر ماہ ان کے کھاتے میں جائے گا ۔تاکہ وہ اس رقم سے خود کفیل ہو کر اپنی کفالت کر سکیں ۔غریبوں کو پانچ کیلو چاول راشننگ میں دیا جائے گا ۔اس موقع پر انہوں نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ سرکار اڈانی اور دیگر سرمایہ داروں کے لئے کس طرح کام کر رہی ہے ۔غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے ،کسان خود کشی کر رہے ہیں ،ہمارے نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں اور بھاجپا سرکار ملک میں نفرت پھیلا رہی ہے ۔بھائی بھائی کو لڑا رہی ہے ۔جبکہ ہم سماجی انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ ملک میں امن چاہتے ہیں ،ترقی چاہتے ہیں یاجو بھاجپا کے نظریات ہیں ۔ملک دستور سے چلے گا ۔ملک کے تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دیئے جائیں گے اگر بھاجپا اقتدار میں آ گئی تو ملک میں دستور کو بدل دے گی اور ملک میں آمریت ،جمہوریت کی جگہ لے لے گی ۔اس لئے دستور کی حفاظت اور سماجی انصاف کے لئے انڈیا گٹھ بندھن کے امیدوار کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے پر جوش لہجے میں کہا کہ بھاجپا آدی باسیوں کی جل،جنگل اور زمین کو چھیننا چاہتی ہے ۔اس موقع پر جمشیدپور مغربی حلقہ کے کانگریسی امیدوار بننا گپتا اور دیگر کانگریسی اور جے ایم ایم کارکنان عہدے داران موجود تھے۔ راہل گا ندھی کی ایک جھلک پانے اور اُن کی با ت سننے کیلئےبڑی تعداد میں لوگ پہو نچے تھے۔ منچ پر کانگریسی امیدوار ڈاکٹر اجئے کمار ، بننا گپتا اور متعدد کانگریسی لیڈران مو جو د تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.