وزیر خزانہ نے لوک سبھا میں اقتصادی سروے 2024-25پیش کیا
نئی دہلی، 31 جنوری:۔ (ایجنسی) وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے جمعہ کے روز لوک سبھا میں اقتصادی سروے 2024-25 پیش کیا۔ اقتصادی سروے ایک سالانہ دستاویز ہے جو مرکزی بجٹ سے قبل حکومت کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے تاکہ معیشت کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس دستاویز میں معیشت کے مختصر اور درمیانی مدت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہ سروے وزارت خزانہ کے اقتصادی امور کے شعبے کے اقتصادی ڈویژن کے تحت تیار کیا جاتا ہے اور چیف اکنامک ایڈوائزر کی نگرانی میں مکمل ہوتا ہے۔ مرکزی بجٹ 2025-26 ہفتہ کے روز وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔
ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر دروپدی مرمو کا خطاب
صدر دروپدی مرمو پارلیمنٹ ہاؤس پہونچیںیہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ اسکے بعد انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ صدر دروپدی مرمو نے اپنے خطاب کے آغاز میں آئین کے قبولیت کے 75 سال مکمل ہونے کا ذکر کیا اور آئین ساز بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مونی اماوسیہ کے دن پریاگ راج مہاکمبھ میں پیش آنے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اس کے بعد صدر نے حکومت کی متعدد پالیسیوں کی تعریف کی۔
ایوانوں کی کارروائی ملتوی
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے 2025 کا قومی اقتصادی سروے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کر دیا۔ صدر جمہوریہ کے خطاب کے بعد لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے ایوان کو سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سمیت کئی اہم شخصیات کے انتقال کی اطلاع دی اور تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ اس کے بعد وزیر خزانہ نے اقتصادی سروے پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے راجیہ سبھا میں بھی قومی اقتصادی سروے پیش کر دیا۔ اس کے بعد ایوانوں کی کارروائی یکم فروری کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیتی قرارداد
لوک سبھا میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ وہیں، راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی، چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے راجیہ سبھا کے رکن تانواڑے اور ٹی ایم سی کے رکنِ پارلیمنٹ ساکیت گوکھلے کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس کے بعد ایوانِ بالا میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور اوم پرکاش چوٹالہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔