جموں کے کٹھوا ضلع میں دہشت گردانہ حملہ، ایک دہشت گرد ہلاک، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے دی جانکاری
جموں و کشمیر سے ایک بار پھر دہشت گردانہ حملہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جموں کے کٹھوا ضلع واقع سیدا گاؤں میں دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے جس کے بعد مقامی فوج متحرک ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گاؤں میں دہشت گردوں نے ایک گھر پر حملہ کیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے اپنی مہم شروع کر دی ہے۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اس واقعہ کے تعلق سے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بین الاقوامی سرحد کے پاس ہیرا نگر سیکٹر واقع سیدا گاؤں میں ایک گھر پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے مدنظر میں ڈی سی کٹھوا راکیش منہاس کے ساتھ لگاتار آن لائن رابطے میں ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں ایس ایس پی کٹھوا عنایت علی چودھری کے بھی رابطے میں ہوں جو موقع پر موجود ہیں۔ جس گھر پر حملہ ہوا تھا، اس کا مالک (نام کا انکشاف نہیں کیا جائے گا) بھی موبائل فون پر رابطے میں ہے۔‘‘
اس دہشت گردانہ حملہ کے تعلق سے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ ’’پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ مہم چل رہی ہے۔ اب تک ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔ میں اور میرا دفتر لگاتار رابطے میں ہیں اور واقعہ پر سخت نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔‘‘