ہندوستان نے پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست دی
دبئی،6اکتوبر: دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ویمنز ورلڈ کپ کے گروپ کے ساتویں میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ موجودہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی پہلی فتح ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیمی فائنل کی اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔ پاکستان نے ہندوستان کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں ٹیم ہندوستان نے شیفالی ورما کے 32 رنز، ہرمن پریت کور کے 29 رنز اور جمائما کے 23 رنز کی بنیاد پر 7 گیندوں پر فتح حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اتوار کو ابوظبی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بلے باز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے اننگز کا آغاز کیا تو جلد ہی پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب گل فیروزہ بغیر کوئی رن بنائے رینوکا سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہو گئیں -سدرہ امین بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکیں اور آٹھ رنز بنا کر دپتی شرما کا نشانہ بنا گئیں۔ منیبہ علی نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ندا ڈار نے 28 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا 13 رنز بنا سکیں جبکہ ڈیانا بیگ کی جگہ ٹیم میں شامل کی جانے والی سیدہ عروبہ شاہ نے 14 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے اروندھتی ریڈی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شریانکا پٹیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔ ہندوستان ویمنز پلیئنگ الیون: اسمرتی مندھانا، شفالی ورما، ہرمن پریت کور (کپتان)، جمائمہ روڈریگس، ریچا گھوش (وکٹ کیپر)، دیپتی شرما، اروندھتی ریڈی، ایس سجنا، شریانکا پاٹل، آشا شوبھنا، رینوکا ٹھاکر سنگھ۔پاکستان ویمنز پلیئنگ الیون: منیبہ علی (وکٹ)، گل فیروز، سدرہ امین، ندا ڈار، عالیہ ریاض، عمائمہ سہیل، فاطمہ ثناء (ج)، طوبہ حسن، نشرہ سندھو، سیدہ عروب شاہ، سعدیہ اقبال۔ مذکورہ میچ بھارت کیلئے جیتنا بہت ہی اہم تھا۔