
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 19 اکتوبر:۔ ڈسٹرکٹ الیکشن افسر و رانچی ڈی سی ورون رنجن نے کلکٹریٹ میں اسمبلی کے عام انتخابات سے متعلق انتخابی کاموں کو ہموار کرنے کے لئے پولیس حکام، کان کنی، ایکسائز اور کمرشل ٹیکس محکمہ کے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا اہتمام کیا۔ ڈی سی نے متعلقہ افسر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام چیک پوائنٹ کو فوری طور پر چالو کیا جائے۔ ڈی سی نے رانچی ضلع میں ریت کی غیر قانونی کانکنی کو بغیر کسی تاخیر کے روکنے کی ہدایت دی اور ضلع مائننگ آفیسر اور ضلع کے تمام ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں غیر قانونی شراب بنانے والے اڈوں کی فہرست تیار کرنے کے بعد متعلقہ افسر کو ان کو بند کرنے کے لیے فوری کارروائی کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ تمام بین ریاستی چیک پوسٹوں اور بڑے بین ڈسٹرکٹ چیک پوسٹوں پر محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کو تعینات کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔
