28
جدید بھارت نیوز سروس
لاتیہار، 22 اکتوبر:۔ رانچی سے گڑھوا جا رہی آرش ٹریول نامی مسافر بس سے لاتیہار پولیس نے 15 لاکھ روپے نقد برآمد کیے ہیں۔ پولیس ٹیم نے منگل کی صبح چندوا تھانہ علاقے میں واقع چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران یہ رقم برآمد کی۔ رقم بس کی ریلنگ میں چھپائی گئی تھی۔ واقعہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ رانچی سے گڑھوا جا رہی مسافر بس کو چندوا میں چیک پوسٹ کے قریب چیکنگ کے لیے روکا گیا تھا۔ اس دوران بس سے 15 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ تاہم یہ رقم کس کی ہے، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ برآمد شدہ روپوں میں 500، 200 اور 100 روپے کے نوٹ شامل ہیں۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں مختلف مقامات پر چیک پوسٹ بنا کر گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔