National

راہل گاندھی نے ’اگنی پتھ‘ کے خلاف صدر جمہوریہ مرمو کو لکھا خط، مداخلت کی گزارش

102views

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز ’اگنی پتھ‘ منصوبہ کے خلاف صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ایک خط لکھا جس میں کہا ہے کہ اس منصوبہ کے سبب جان کی قربانی دینے والے نوجوانوں کے کنبوں کو دی جانے والی سہولت میں تفریق ہو رہی ہے۔

صدر جمہوریہ سے مداخلت کرنے کی گزارش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’اس معاملے میں استثنائیت ضروری ہے‘ کیونکہ وہ ہندوستان کے مسلح افواج کی سپریم کمانڈر ہیں اور یہ ایشو قومی سیکورٹی کو متاثر کرتا ہے۔ صدر جمہوریہ کو لکھے اپنے دو صفحات کے خط میں راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ وہ انھیں یہ خط ملک کی خدمت میں اپنی زندگی قربان کرنے والے اگنی ویروں کو انصاف دلانے کی اپیل کے ساتھ لکھ رہے ہیں۔

اس خط کو راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’مستقل فوجیوں کے مقابلے میں ہمارے شہید اگنی ویروں کے کنبوں کو دی جانے والی سہولتوں کی فطرت اور حد میں تفریق پر آپ کو فوراً توجہ دینے کی ضرورت ہے۔‘‘ وہ خط میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’یہ ناانصافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس پارٹی اور انڈیا اتحاد کے ہمارے ساتھیوں نے اگنی پتھ منصوبہ کی سخت مخالفت کی ہے اور حکومت بننے پر اسے منسوخ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔‘‘

خط میں راہل گاندھی نے ایک مقام پر لکھا ہے کہ ’’میں آپ سے مداخلت کی گزارش کرتا ہوں۔ میں مانتا ہوں کہ ایک صدر جمہوریہ عام طور پر پالیسی کے معاملوں میں مداخلت نہیں کرتا، جو منتخب حکومت کا حلقۂ اختیار ہے۔ حالانکہ میرا ماننا ہے کہ اس معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے اس میں ایک استثنائیت والا رخ ہو سکتا ہے۔ آپ ہندوستان کے مسلح افواج کی سپریم کمانڈر ہیں۔ آپ نے خود کو ہندوستانی عوام کے فلاح کے لیے وقف کرنے کا حلف لیا ہے۔‘‘

اس خط میں انھوں نے یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ کیا اگنی ویر شہیدوں کے خلاف یہ تفریق قومی سیکورٹی کے لیے خطرہ نہیں ہے؟ کیا یہ ملک کے نوجوانوں کے ساتھ سنگین ناانصافی نہیں ہے جو بہادری سے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر خدمت کرتے ہیں؟ پھر وہ لکھتے ہیں ’’اس لیے، میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ اپنے عہدہ کا استعمال انصاف کے لیے کریں اور اپنی جانوں کی قربانی دینے والے ’اگنی ویر‘ فوجیوں کو انصاف دلائیں، یہ یقینی بنا کر کہ انھیں ہمارے مادرِ وطن کے لیے اعلیٰ قربانی دینے والے کسی بھی فوجی کے برابر سہولتیں ملیں۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.