’اجتماعی کوششوں کے بدولت کامیاب ہوا الیکشن‘، ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا اظہارِ شکر
لوک سبھا انتخاب 2024 آج انجام پا گیا۔ ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ایک بیان جاری کر اس انتخاب کو کامیاب بنانے کے لیے ووٹرس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود ووٹ کرنے والے ووٹرس کے تئیں کمیشن شکرگزار ہے۔ ساتھ ہی کمیشن نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی ووٹرس نے اٹھارہویں لوک سبھا کی تشکیل کے لیے اپنے سب سے محبوب حق رائے دہی کا استعمال کیا، اور اس طرح ہندوستانی جمہوریت و ہندوستانی انتخابات نے ایک بار پھر جادو کیا ہے۔ ہندوستانی ووٹرس عظیم ہیں۔ انھوں نے ایک بار پھر ذات، مذہب، سماجی و معاشی اور تعلیمی منظرنامہ سے بالاتر ہو کر ووٹ دیا، ہندوستانی ووٹرس ہی حقیقی معنوں میں فاتح ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الگ الگ چیلنجز کے بعد بھی ووٹنگ کرنے پہنچے ووٹرس کے تئیں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنرز گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو سمیت پورا الیکشن کمیشن کنبہ شکرگزار ہے۔ کمیشن نے بتایا کہ سبھی ووٹرس نے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور وہ تعریف کے قابل ہیں۔ ووٹرس اس بار بھی آئین کے معماروں کے خواب پر کھرے اترے۔
اپنے بیان میں الیکشن کمیشن نے سیکورٹی فورسز سمیت پورے انتخابی نظام اور سبھی سیاسی پارٹیوں و امیدواروں کے تئیں بھی شکریہ ادا کیا۔ خصوصاً کمیشن نے کہا کہ بزرگوں، 100 سال پورا کر چکے ووٹرس، معذور اشخاص اور تیسری جنس کے ذریعہ ڈالے گئے ووٹ کئی لوگوں کے لیے قابل ترغیب ہیں۔ خاص طور سے نوجوانوں کے لیے یہ بہترین مثال ہے جو جمہوریت کو آگے لے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن اپنے بیان میں یہ بھی کہتا ہے کہ ہم لوگوں نے اجتماعی کوششوں سے جمہوریت کے پہیے کو گھمائے رکھا ہے۔
واضح رہے کہ ووٹنگ کا عمل انجام ضرور پا گیا ہے، لیکن اب سبھی کو نتائج کا انتظار ہے۔ الیکشن کمیشن نے جانکاری دی ہے کہ لوک سبھا انتخاب اور دو ریاستوں کے اسمبلی انتخاب کی ووٹ شماری 4 جون کو ہوگی۔ ووٹ شماری صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جو رات تک ختم ہونے کا امکان ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سکم اور اروناچل پردیش میں جو اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں، اس کے ووٹوں کی گنتی کل (2 جون) یعنی اتوار کی صبح 6 بجے سے شروع ہوگی۔