Jharkhand

پونے کے مغوی شخص کو راج محل پولیس نے آزاد کرایا، 2 اغوا کار گرفتار

31views

جدید بھارت نیوز سروس
صاحب گنج، 19 اکتوبر:۔ پونے کے رہائشی مغوی شخص یشونت ہیرامن ونودے کو سنیچر کی صبح صاحب گنج ضلع پولیس نے رادھا نگر دیارہ علاقے سے بحفاظت آزاد کرایا۔ پولیس نے دو اغوا کاروں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار اغوا کاروں میں مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے متبری نقواس کے نسیم اختر اور صاحب گنج کے رادھا نگر کے للو شیخ شامل ہیں۔ یہ جانکاری راج محل کے ایس ڈی پی او وملیش کمار ترپاٹھی نے دی۔ اغوا کاروں سے تین موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پونے (مہاراشٹرا) کے رہنے والے یشونت ہیرامن ونودے کو جمعرات کو اس کے کرایہ دار راجو نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کے بعد اسے صاحب گنج ضلع کے رادھا نگر دیارہ علاقے میں لایا گیا اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ رکھا گیا۔ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ اغوا کاروں نے گزشتہ جمعہ کو مغوی شخص کے بیٹے کے موبائل فون پر کال کی اور ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ مغوی یشونت ہیرامن ونودے کے بیٹے نے اس سلسلے میں پونے کے ہنجے واڑی تھانہ میں مقدمہ نمبر 1185/24 درج کرایا تھا۔ فون کی لوکیشن کی بنیاد پر پونے کرائم برانچ کی ٹیم مغربی بنگال کے صاحب گنج اور مالدہ کے لیے روانہ ہوئی۔ دریں اثنا، موصولہ سراغ کی بنیاد پر ٹیم نے جمعرات کی رات 12:30 بجے صاحب گنج اور مالدہ کے ایس پی سے رابطہ کیا اور انہیں پورے معاملے کی جانکاری دی۔ صاحب گنج کے ایس پی نے فوری طور پر نوٹس لیا اور راج محل کے ایس پی ڈی او وملیش کمار ترپاٹھی کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے رات بھر کشتی اور پیدل رادھا نگر علاقے میں دیارہ کی گھاٹیوں کی تلاش کی۔ اغوا کار بھی اپنی جگہ بدلتے رہے۔ اس دوران پولیس نے سنیچر کی صبح تقریباً 5 بجے گول ڈھاب چواڈ کے دیارہ سے مغوی شخص یشونت ہیرامن ونودے کو بحفاظت بازیاب کر لیا اور دو اغوا کاروں کو پکڑ لیا۔ دیگر اغوا کار گنگا ندی میں چھلانگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس معاملے کی اطلاع پونے پولیس کو دے دی گئی ہے۔ پونے پولیس کی ٹیم صاحب گنج پہنچ رہی ہے۔ چھاپہ مار ٹیم میں ایس ڈی پی او وملیش کمار ترپاٹھی کے علاوہ راج محل تھانہ انچارج غلام سرور، رادھا نگر تھانہ انچارج نتیش کمار پانڈے، ایس آئی حسنین انصاری، پھولیشور اکیلا، بٹو کمار ساہا، دادن ساہ، سالکھو مرمو، سنیل کمار مہتا وغیرہ شامل تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.