Bihar

وقف کے مسئلے پر ہنگامہ کے بعد بہار اسمبلی کی کارروائی ملتوی

15views

پٹنہ، 27 نومبر (یو این آئی) بہار اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے تیسرے دن بدھ کے روز وقف ترمیمی بل 2024 کے سلسلے میں اپوزیشن کے ہنگامہ کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔اسمبلی میں صبح کی کارروائی کے دوران اسپیکر نند کشور یادو نے اپوزیشن کی تحریک التواء کو مسترد کرتے ہوئے وقفہ صفر کی کارروائی شروع کی تو پوری اپوزیشن نے اسپیکر سے تحریک التوا ء کا نوٹس پڑھنے کی اجازت مانگی اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ وقف کا مسئلہ سنگین ہے۔ تاہم اسپیکر نے کہا کہ یہ مسئلہ سنگین ہے لیکن اس پر ایوان میں بحث نہیں کی جاسکتی کیونکہ یہ ریاستی حکومت کا مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو قانون بنانا ہے جس کے لیے اس نے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے، اس لیے اراکین کو یہ تجویز ہے کہ وہ اپنی بات مشترکہ کمیٹی کے سامنے رکھیں۔اپوزیشن ارکان نے بہار حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان میں تحریک لا کر وقف ترمیمی بل کو مسترد کرے۔ اپوزیشن نے انہیں نوٹس پڑھنے کی اجازت دینے پر بھی اصرار کیا۔ پوری اپوزیشن اپنے مطالبے کی حمایت میں ہنگامہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئی۔ اس پر ایوان کے اسپیکر نے اس معاملے کو مرکزی حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی مشترککہ کمیٹی کے سامنے اٹھانے کی اپنی تجویز کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان مقررہ ضابطوں کے مطابق کام کرے گا اور قواعد کی دفعہ 80 اور 82 کے تحت کسی کو بھی ایسی معلومات پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔اسپیکر نے ارکان سے متعدد بار اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست کی لیکن اپوزیشن نے ایوان کے وسط میں نتیش حکومت کے خلاف نعرے بازی جاری رکھی۔ اس کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی 12 بج کر 10 منٹ پر لنچ کے وقفے تک ملتوی کر دی۔قبل ازیں جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے میتھلی زبان میں آئین ہند کا ترجمہ عوام کے لیے وقف کرنے پر وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ سے اظہار تشکر کرنے کی تجویز پیش کی۔ ان کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے، ایوان کے اسپیکر نے پورے ایوان کی جانب سے، آئین کے سنسکرت اور میتھلی ترجمہ کو عوام کے لیے وقف کرنے پر وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.