
جدید بھارت نیوز سروس
کوڈرما، 22 اکتوبر:۔ کوڈرما پولیس نے پتھل ڈیہا کے ورندا گاؤں میں ایک گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ اطلاع مل رہی ہے کہ چھاپے کے دوران پولیس نے 1.07 کروڑ روپے نقد، بھاری مقدار میں سونا اور کچھ قابل اعتراض چیزیں برآمد کی ہیں۔ تاہم ابھی تک اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس کی ٹیم سوموار کی رات سے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ پولیس جس گھر پر چھاپہ مار رہی ہے وہ سکھ دیو راجک کا بتایا جاتا ہے۔ جس کا ہزاری باغ کے برھی میں ہوٹل بھی ہے۔ یہاں گھر پر چھاپے کی اطلاع ملتے ہی مالک مکان سکھ دیو راجک موقع سے فرار ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس نے نقدی گننے کے لیے مشین منگوائی ہے۔ اس کے علاوہ انکم ٹیکس حکام کو بھی موقع پر بلایا گیا ہے۔ تاہم پولیس اس بارے میں کچھ کہنے سے انکار کر رہی ہے کہ کتنی نقدی اور سونا برآمد ہوا ہے۔
