جھارکھنڈ کو ٹاٹا نگر سے وارانسی کیلے ملے گی ٹرین
ہندوستانی ریلوے لگاتار نئے نئے روٹ پر وندے بھارت ٹرینیں چلا رہا ہے تاکہ مسافروں کے لیے آسانیاں میسر ہو سکیں۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ریلوے کی طرف سے الگ الگ ریاستوں میں مزید وندے بھارت ٹرینیں جلد شروع کرنے کا امکان ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ریلوے دیوالی سے پہلے ملک میں 9 نئے وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو الگ الگ روٹ پر شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں سنٹرل ریلوے ڈویژن میں چلائی جا سکتی ہیں۔ حالانکہ سیمی ہائی اسپیڈ ٹرینوں کے روٹ سے متعلق فی الحال آخری فیصلہ لیا جانا باقی ہے۔ ملک کے وسطی علاقہ میں بہتر رابطہ کے لیے اب تک تین روٹ یعنی راستے تجویز کیے گئے ہیں۔ یہ روٹ ہیں ممبئی سے جالنہ، پونے سے سکندر آباد، ممبئی سے کولہاپور۔ 6 دیگر روٹ کے بارے میں جلد ہی فیصلہ لیا جا سکتا ہے، کیونکہ ٹرینوں کے رسمی طور سے چلنے سے پہلے روٹ کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
ایک طرف جہاں 9 وندے بھارت ایکسپریس روٹ کا اعلان اور تصدیق ہونا باقی ہے، وہیں دوسری طرف انڈین ریلوے وارانسی سے دوسرے سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ ٹرین 8 کوچ کے ریک کے ساتھ وارانسی اور ٹاٹانگر کے درمیان چلے گی۔ نئی وارانسی-ٹاٹا نگر وندے بھارت ایکسپریس 6 ہالٹ اسٹیشنوں پر رکے گی۔ ان میں ٹاٹا نگر جنکشن، پرولیا جنکشن، بوکارو سٹی، گیا جنکشن، پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن اور وارانسی جنکشن شامل ہیں۔
وارانسی-ٹاٹانگر وندے بھارت ایکسپریس کے وقت سے متعلق بات کریں تو یہ ٹرین ٹاٹا نگر جنکشن سے صبح 6 بجے کھلے گی۔ یہ دوپہر 1.50 بجے وارانسی جنکشن پہنچے گی۔ 574 کلومیٹر طویل سفر ملک کی سب سے تیز ٹرین کے ذریعہ تقریباً 7 گھنٹے اور 50 منٹ میں طے کی جائے گی۔ ٹاٹا نگر واپس جانے کے لیے ٹرین وارانسی جنکشن سے دوپہر 2.35 بجے روانہ ہوگی اور رات 10 بجے اپنی آخری منزل پر پہنچے گی۔