National

ایک طرف پپو یادو کی پارٹی کا کانگریس میں انضمام، دوسری طرف دانش علی نے بھی تھاما کانگریس کا ہاتھ

99views

لوک سبھا انتخاب سے ٹھیک پہلے بہار اور اتر پردیش میں کانگریس مضبوط ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک طرف بہار میں جہاں پپو یادو کی پارٹی ’جن ادھیکار پارٹی‘ (جاپ) نے خود کو کانگریس میں ضم کر دیا ہے، وہیں دوسری طرف اتر پردیش میں امروہہ سے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے بھی کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی ہے۔ یہ دونوں خبریں متعلقہ ریاستوں میں کانگریس کارکنان کے لیے حوصلہ بخش تصور کیا جا رہا ہے۔

پپو یادو نے آج کانگریس صدر دفتر میں پارٹی کے سینئر لیڈر پون کھیڑا اور دیگر لیڈران کی موجودگی میں اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل جاپ لیڈر پپو یادو نے منگل کی شب آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو سے رابڑی دیوی کی رہائش پر ملاقات بھی کی تھی اور اپنی اس خواہش کا اظہار بھی کیا تھا کہ وہ کانگریس میں اپنی پارٹی کو ضم کرنے والے ہیں۔

بہرحال، جاپ کے کانگریس میں انضمام کے بعد کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا کہ جاپ اور پپو یادو کسی بھی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ پپو یادو ایک قدآور لیڈر ہیں۔ وہ آج کانگریس پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں سے متاثر ہو کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ جاپ کا کانگریس میں انضمام غیر معمولی عمل نہیں ہے، بلکہ یہ تاریخی ہے۔ بہار کے کانگریس انچارج موہن پرکاش نے پپو یادو کی پارٹی کا کانگریس میں انضمام کرایا اور اس موقع پر پپو یادو کے بیٹے سارتھک یادو بھی موجود رہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.