چنڈی گڑھ، 26 مئی (یو این آئی) پنجاب میں منگل کو آٹھ میونسپل کارپوریشنوں، 75 میونسپل کونسلوں اور 20 نگر پنچایتوں کے لیے ووٹنگ کے دوران کئی مقامات پر تشدد، جھڑپیں، پتھراؤ اور ہنگامہ آرائی کی خبریں ہیں۔ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق دوپہر دو بجے تک 45.60 فی صد ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس بار انتخابات بیلٹ پیپرز کے ذریعے کرائے جا رہے ہیں اور کل 7,555 امیدوار میدان میں ہیں۔سب سے بڑا تنازعہ پٹیالہ ضلع کے سمانہ کے وارڈ نمبر 19 میں شروع ہوا، جہاں ووٹنگ کے دوران پولیس اور مقامی باشندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ الزام ہے کہ کچھ لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے بھیڑ پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور حالات خراب ہونے پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔لدھیانہ کے رائے کوٹ میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کارکنوں کے درمیان پرتشدد تصادم ہوا۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ وارڈ نمبر 4 سے اس کے امیدوار جگ دیو سنگھ جگا پر جان سے مارنے کے ارادے سے حملہ کیا گیا۔ حملے میں شدید زخمی جگا کو ابتدائی طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں سے اس کی حالت بگڑنے پر اسے لدھیانہ کے ڈی ایم سی ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ یہ حملہ آپ ایم ایل اے حکم تھیکیدار کے حامیوں نے کیا ہے۔کھنہ کے وارڈ نمبر 15 میں ووٹنگ شروع ہوتے ہی کانگریس اور اے اے پی کے حامیوں کے درمیان زبردست جھگڑا اور ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا اور دونوں فریقین کو پرسکون رہنے کی تلقین کی۔ اسی وارڈ میں بی جے پی امیدوار دیپندر کور کے شوہر جسویر سنگھ پر بھی مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔ جسویر سنگھ نے کہا کہ کچھ باہر کے لوگ وارڈ میں گھوم رہے فرضی ووٹنگ کے لیے اکسا رہے ہیں۔ جب اس نے احتجاج کیا تو اس پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا گیا اور اس کی پگڑی اتار دی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی اہلیہ اور حامیوں کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی۔دھوری میونسپل کونسل کے انتخابات کے دوران وزیر اعلی بھگونت مان کے سابق او ایس ڈی پروفیسر اونکار سنگھ کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ پروفیسر اونکار سنگھ نے چند ماہ قبل عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کی حراست کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت رونیت سنگھ بٹو کو پولیس نے دھوری جانے سے روک دیا، اس دوران ان کی سنگرور کے ایس ایس پی سے گرما گرم بحث ہوئی۔ابوہر میں پولس نے ہریانہ کی رجسٹرڈ گاڑی میں سفر کرنے والے چار نوجوانوں کو حراست میں لیا جس پر این ایس یو آئی کا نام تھا۔ دریں اثنا، فرید کوٹ میں اے اے پی ایم ایل اے گرودت سیکھون نے بی جے پی پر ووٹروں کو لے جانے کے لیے آرمی اسکول بس کا استعمال کرنے کا الزام لگایا، جس سے وہاں بھی ہنگامہ ہوا۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ ریاست بھر میں تقریباً 35,000 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون سمیت نو قسم کی اشیاء لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتخابات کی وجہ سے ریاست میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور شراب کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4596341