Saturday, February 21, 2026
ہومNationalسپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے لیے...

سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے لیے عدالتی افسران کی تعیناتی کا حکم دیا

نئی دہلی، 20 فروری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ایک اہم حکم جاری کرکے کلکتہ ہائی کورٹ کو مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) میں مدد کے لئے موجودہ اور سابق عدالتی افسران کو تعینات کرنے کی ہدایت دی۔چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائمالیہ باغچی اور جسٹس این وی انجاریا پر مشتمل بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے ریاست میں تشدد کے مبینہ واقعات پر اسٹیٹس رپورٹ بھی طلب کی۔ عدالت نے ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان جاری کشمکش پر بھی سخت تبصرہ کرتے ہوئے اسے الزامات اور جوابی الزامات کا کھیل قرار دیا جس سے دو آئینی اداروں کے درمیان اعتماد کا فقدان ظاہر ہوتا ہے۔عدالت نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ اس کام میں عدالتی افسران کو شامل کرنے سے عام عدالتی مقدمات کی سماعت متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ اس میں ججوں کا وقت صرف ہوگا۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، سپریم کورٹ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، ججوں، رجسٹرار جنرل، اور چیف ڈسٹرکٹ ججوں کی ایک کمیٹی کے ساتھ، یہ فیصلہ کرنے کی ہدایت دی کہ آیا عبوری ریلیف کے لیے مقدمات کو ایک ہفتے یا دس دن کے لیے متبادل عدالتوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے یا نہيں۔الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ وہ 28 فروری کے بعد حتمی فہرست شائع کر سکتا ہے۔ تاہم اس کے بعد بھی ایس آئی آر کا عمل جاری رہ سکتا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ کارروائی مکمل ہونے پر 28 فروری کے بعد فہرست شائع کی جا سکتی ہے، تاہم ایسی فہرست کو حتمی تصور نہیں کیا جائے گا۔ اس کے بجائے، نظر ثانی کے عمل کے دوران کی جانے والی تمام تبدیلیوں کو شامل کرنے کے لیے ضمنی فہرست بعد میں شائع کی جائے گی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات