حکومت سکم میں رابطہ سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے: نریندر مودی
گانگٹوک، 28 اپریل (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی سکم کے 50ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کے اختتام پر منعقدہ ایک عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ “پورے راستے میں سب سے اچھی چیز جو میں نے دیکھی وہ سکم کی سڑکوں کی صفائی تھی… دور دور تک کوئی گندگی نہیں… فضا بھی صاف ہے اور سڑکیں بھی صاف ہیں… سکم کے لوگ فطرت کے حقیقی محافظ ہیں اور ریاست کے سچے سفیر ہیں۔”وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سکم میں رابطہ سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ گزشتہ برسوں میں یہاں سینکڑوں کلومیٹر شاہراہوں کی تعمیر ہوئی ہے اور دیہات تک سڑکیں پہنچانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کو سستا علاج فراہم کرنے کے لیے صحت کی سہولیات کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے آیوشمان یوجنا کے تحت 70 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے مفت علاج اور جن اوشدھی مراکز کے ذریعے سستی ادویات کی فراہمی کا ذکر کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ قدرتی کھیتی کا سکم ماڈل پورے ملک کے لیے ایک مثال ہے اور یہاں کی طرزِ زندگی اور عزم اب ہندوستان کے مستقبل کے خواب کا حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکم میں بے پناہ امکانات ہیں، خاص طور پر کھیلوں کے میدان میں، جہاں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ حکومت “کھیلو انڈیا” جیسے پروگراموں کے ذریعے ملک بھر میں کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ سکم اور شمال مشرقی ریاستیں ہمارے لیے صرف ملک کا ایک اہم حصہ ہی نہیں ہیں، بلکہ یہ ہندوستان کی ‘اشٹ لکشمی،ہیں۔ اسی لیے حکومت نے ‘ایکٹ ایسٹ، کی پالیسی پر کام شروع کیا ہے اور شمال مشرق میں ‘ایکٹ فاسٹ یعنی مزید تیزی سے کام کرنے کا عزم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب زبان، خطے اور سیاست کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تو ایسے وقت میں سکم ‘ایک بھارت، سریشٹھ بھارت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ریاست کو اتحاد اور ہم آہنگی کی ایک مثالی مثال قرار دیا۔وزیر اعظم نے اس خطے پر مرکزی حکومت کی خصوصی توجہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی ترقی ان کی اولین ترجیح بنی ہوئی ہے۔ اس کے تحت کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے اور سیاحوں کی آمد بڑھانے کے لیے باگڈوگرہ سے ایک ایکسپریس وے اور گنگٹوک میں ایک رنگ روڈ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’سیاحت سکم کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور رابطوں کو مضبوط کرنے سے لوگوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔” انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کے روزگار کو مزید فروغ دینے کے لیے تقریباً 1,000 ہوم اسٹے تیار کیے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے ترقی کی موجودہ رفتار کا موازنہ گزشتہ کانگریس حکومتوں کے دور کی ‘لاپرواہی، سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک کانگریس حکومتوں نے سکم کے ترقیاتی منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال رکھا تھا۔ سکم سمیت پورے شمال مشرقی خطے کو نظر انداز کیا گیا اور مرکزی حکومت کی اسکیمیں لوگوں تک مؤثر طریقے سے نہیں پہنچ سکیں۔” انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ ماضی میں صحت کی سہولیات کا بنیادی ڈھانچہ بھی ناکافی تھا، جب کہ ان کی حکومت نے بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو ترجیح دی ہے۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593343