ہومNationalتمل ناڈو :امونیا گیس کا رساؤ، 7 مزدور ہلاک اور 40 سے...

تمل ناڈو :امونیا گیس کا رساؤ، 7 مزدور ہلاک اور 40 سے زائد متاثر

تروولور، 21 جون:۔ (ایجنسی) تمل ناڈو کے تروولور ضلع کے پیریاپالیم علاقے میں واقع ایک نجی جھینگا پروسیسنگ یونٹ میں اتوار کے روز امونیا گیس کے رساؤ کے باعث کم از کم 7 مزدور ہلاک جبکہ 40 سے زائد افراد شدید متاثر ہو گئے۔ متاثرہ افراد میں زیادہ تر شمالی ہند سے تعلق رکھنے والے مہاجر مزدور شامل ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔ پولیس حکام کے مطابق پیٹر اینڈ پال سی فوڈ ایکسپورٹ کمپنی کے گیس ٹینک سے امونیا گیس کے اخراج کے بعد فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی اور کئی افراد بے ہوش ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم خصوصی حفاظتی لباس کے ساتھ موقع پر پہنچی اور متاثرین کو باہر نکالنے کا کام شروع کیا۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 44 مزدور متاثر ہوئے، جنہیں علاج کے لیے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسکولی تعلیم کے وزیر راج موہن نے بتایا کہ راجیو گاندھی سرکاری جنرل اسپتال کے سینئر ڈاکٹروں کی دو خصوصی ٹیمیں اور تروولور سرکاری اسپتال کی طبی ٹیم متاثرین کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ وجے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جس میں صنعتی تحفظ اور صحت کے ڈائریکٹر، آلودگی کنٹرول بورڈ کے رکن سکریٹری اور محکمہ صحت عامہ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شامل ہیں۔ کمیٹی کو 24 گھنٹوں میں عبوری رپورٹ اور 3 دن کے اندر حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین کے علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوامی راحت فنڈ سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے 2 لاکھ روپے فی کس معاوضے کا بھی اعلان کیا ہے۔ تمل ناڈو کے گورنر راجیندر وشوناتھ ارلیکر نے بھی واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات