25 برسوں سے شناخت چھپا کر رہ رہا تھا یوٹیوبر ؛ 13 سالہ بچے کے اغوا اور قتل میں ہو چکی ہے عمر قید
دہلی؍غازی آباد، 26 اپریل: (ایجنسی)خود کو ’ایکس مسلم‘ ظاہر کر کے یوٹیوب پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرنے والا سلیم واستک عرف سلیم خان قتل کا سزا یافتہ مجرم نکلا ہے۔ دہلی پولیس نے سنیچر کے روز غازی آباد سے اسے گرفتار کر لیا، جہاں وہ گزشتہ کئی برسوں سے اپنی شناخت چھپا کر رہ رہا تھا۔ 50 سالہ سلیم خان گزشتہ 25 برسوں سے پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر روپوش تھا۔
بچے کا اغوا اور بہیمانہ قتل
پولیس ریکارڈ کے مطابق، سلیم خان نے 20 جنوری 1995 کو دہلی کے ایک تاجر کے 13 سالہ بیٹے سندیپ بنسل کو اغوا کیا تھا۔ تاوان کی رقم نہ ملنے پر اس نے معصوم بچے کو بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔ اس سنگین جرم میں عدالت نے اسے 1997 میں عمر قید کی سزا سنائی تھی، تاہم 2000 میں اسے ضمانت مل گئی جس کے بعد وہ مفرور ہو گیا۔ تب سے وہ شاملی، مظفر نگر، میرٹھ اور غازی آباد میں مختلف ناموں اور شناختوں کے ساتھ چھپتا رہا۔
یوٹیوب کے ذریعے زہر افشانی اور حملہ
مفروری کے دوران وہ غازی آباد کے لونی علاقے میں مقیم تھا اور “سلیم واستک 0007” کے نام سے ایک یوٹیوب چینل چلا رہا تھا۔ اس چینل کے ذریعے وہ اسلامی تعلیمات اور مدرسوں کے نظام کو نشانہ بنا کر فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کرتا تھا۔ اسی زہر افشانی کے نتیجے میں 27 فروری کو اس کے دفتر میں نقاب پوش حملہ آوروں نے اس پر چاقوؤں سے حملہ کیا تھا، جس میں اسے 14 زخم آئے تھے۔ دہلی کے جی ٹی بی اسپتال میں ایک ماہ کے علاج اور 2 آپریشنز کے بعد جب وہ صحت یاب ہوا، تو پولیس کو اس کی اصل شناخت کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی۔
پولیس کی کارروائی
غازی آباد کے پولیس کمشنر جے رویندر گور نے بتایا کہ دہلی پولیس کی ٹیم سنیچر کی صبح اس کی رہائش گاہ پہنچی اور ضروری پوچھ گچھ کے بعد اسے تحویل میں لے لیا۔ تحقیقات میں ثابت ہوا کہ سلیم واستک دراصل وہی سلیم خان ہے جو قتل کے کیس میں سزا یافتہ ہے اور 2000 سے فرار ہے۔ واضح رہے کہ فروری میں اس پر حملہ کرنے والے 2 بھائیوں میں سے ایک یوپی پولیس کے ساتھ مقابلے (انکاؤنٹر) میں ہلاک ہو چکا ہے۔ پولیس اب اس معاملے کی مزید قانونی کڑیوں کو جوڑ رہی ہے۔











Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593108