نئی دہلی۔18؍ اپریل۔ ایم این این ۔ بھارت نے امریکہ کی جانب سے دہشت گرد تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے TRF کو فارن ٹیررسٹ آرگنائزیشن اور اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ قرار دیا ہے۔ یہ تنظیم پاکستان میں قائم لشکرِ طیبہ کی ایک پراکسی سمجھی جاتی ہے اور اس نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے مہلک حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر دہشت گردی کے ڈھانچے کو ختم کرنے کی کوششوں کے مطابق ہے۔ بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی قیادت کو بھی سراہا گیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ بھارت اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف واضح پیغام ہے جو خطے میں عدم استحکام پیدا کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون کی مضبوط تصدیق ہے اور بھارت کی “دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس” پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیموں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی تاکہ ایسے عناصر کو جوابدہ بنایا جا سکے۔



