غالب اکیڈمی کی نثری نشست میں پروفیسر اختر والواسع کا اظہار خیال
نئی دہلی 25 مئی (راست)گزشتہ روز غالب اکیڈمی ،نئی دہلی میں ماہانہ نثری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست میں وگیان پریشد پریاگ کاخصوصی شمارہ’’ محمد خلیل ‘‘نمبر کا اجرا پروفیسر اختر الواسع نے کیا اور نشست کی صدارت کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ وگیان پریشد کا خصوصی شمارہ شائع ہونا بڑی بات ہے اس شمارے میں محمد خلیل کا مکمل تعارف کرایا گیا۔اردو والوں کے مضامین کو ہندی قارئین تک پہنچایا۔اردو ہندی ادب کی تاریخ نے سائنس کی ترقی میں بڑا کام کیا ہے۔خلیل صاحب نے سائنسی موضوعات پر لکھا انہیں انعامات واعزازات بھی ملے۔اس موقع پر ہندی اردو ادیبوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امیر خسرو ہندی اور اردو دونوں زبانوں کے جنک ہیں۔ زبانوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ہندی دیوناگری لیپی میں لکھی جاتی ہے اور اردو کا رسم الخط الگ ہے۔ دونوں زبانوں کے میل ملاپ سے لوگ قریب آتے ہیں۔ حشمت بھاردواج کے شعری مجموعے ’’درد جیتا ہوں‘‘ کا اجرا کرتے ہوئے پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ جب تک حشمت بھاردواج صاحب ہیں اردو پہ آنچ نہیں آسکتی۔غالب اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر جی آر کنول نے اپنے تحریری پیغام میں خلیل صاحب کی سالہا سال سے کی گئی اردو خدمات اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں سائنسی علم سے متعلق خدمات کو سراہا اور ان کی صحت اور طویل عمر کی دعا کی۔اس موقع پر چشمہ فاروقی نے ’’امیر خسرو‘‘،ڈاکٹر شہلا احمد نے’’ اسرار الحق مجاز‘‘پر مضمون پیش کیا۔ٹی این بھارتی نے ’’میرا پہلا روزہ‘‘ کے عنوان سے انشائیہ پیش کیا۔شارق اعجاز عباسی نے ایک افسانچہ پیش کیا۔ایکتا سنگھ چوہان،سیما کوشک،سمن ناگرسرل نے کہانیاں پیش کیں۔گولڈی غضب اور پروین ویاس نے حشمت بھاردواج کی شاعری پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر عقیل احمد نے حشمت بھاردواج کے شعری مجموعہ کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حشمت بھاردوا ج اردو تہذیب کے پروردہ ہیں انہوں نے پرانی دہلی کے مشہور شاعر قیصر حیدری کی شاگردی میں شاعری کا آغاز کیا۔ پھر طالب رام پوری صاحب سے اصلاح لینے لگے۔ان کا مجموعہ درد جیتا ہوں ہندی میں شائع ہوا جس میں غزلیں شامل ہیں۔اس موقع پر حشمت بھاردواج نے اپنی ایک غزل پیش کی۔اس نشست میں اردو اور خطاطی کے استاد و طلبا اور دیگر معزز حضرات نے شرکت کی۔آخر میں غالب اکیڈمی کے سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.