ہومNationalسابق ہندوستانی سفیر جاوید اشرف کوملا فرانس کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز

سابق ہندوستانی سفیر جاوید اشرف کوملا فرانس کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز

نئی دہلی، 19 مارچ (یواین آئی) فرانس نے ہندوستان اور فرانس کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم تعاون کے لیے ہندوستان کے سابق سفیر جاوید اشرف کو اپنے ممتاز ترین شہری اعزازات میں سے ایک ’کمانڈر آف دی لیجن آف آنر‘سے نوازا ہے۔مسٹر اشرف نے جولائی 2020 سے دسمبر 2024 تک فرانس اور موناکو میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر اپنے دورِ ملازمت کے دوران ہند-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کو گہرا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔یہاں واقع فرانسیسی سفارت خانے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں فرانس کے سفیر تھئیری ماتھو نے انہیں اس اعزاز سے نوازا۔سفیر ماتھو نے دوطرفہ تعلقات میں اشرف کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ اقتدار میں دفاعی تعاون میں پیش رفت اور 2023 میں اسٹریٹجک شراکت داری کی 25 ویں سالگرہ جیسے تاریخی سنگِ میل دیکھے گئے۔ انہوں نے 14 جولائی 2023 کو فرانس کے قومی دن کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی بطور ’مہمانِ خصوصی‘ شرکت اور ’ہورائیزن 2047 روڈ میپ‘ کے آغاز کا بھی خصوصی ذکر کیا۔اعزاز قبول کرتے ہوئے جناب اشرف نے کہا، “فرانسیسی جمہوریہ کی جانب سے ’لیجن آف آنر‘ کے کمانڈر کے عہدے سے نوازا جانا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ جدید ہندوستان کی ان سات عظیم شخصیات کے نقشِ قدم پر چلنا میرے لیے خاص ہے جنہیں پہلے یہ اعزاز مل چکا ہے۔”انہوں نے اس پہچان کو وزیر اعظم مودی اور صدر ایمانوئل میکروں کی قیادت میں ہند-فرانس کی اٹوٹ اور قابلِ بھروسہ شراکت داری کا ثبوت قرار دیا۔تین دہائیوں سے زیادہ کے شاندار سفارتی کریئر کے حامل مسٹر اشرف فرینکفرٹ، برلن، کھٹمنڈو، واشنگٹن ڈی سی اور سنگاپور میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ موجودہ وقت میں ہندوستان کی تجارتی فروغ کی تنظیم (آئی ٹی پی او) کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں۔’لیجن آف آنر‘ اعزاز کی بنیاد 1802 میں نپولین بوناپارٹ نے رکھی تھی۔ یہ اعزاز بہترین خدمات کے لیے دیا جانے والا فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات