چنئی، 13 جولائی (یواین آئی) جنوبی ریلوے کے چنئی بیچ-اراکونم سیکشن پر تروولور اسٹیشن کے قریب اتوار کو ڈیزل سے بھری مال گاڑی کے کم از کم 18 ٹینکروں میں آگ لگ گئی اور کئی ٹینکر پٹری سے اتر گئے، جس کی وجہ سے کئی ایکسپریس ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا۔
سدرن ریلوے کے ذرائع کے مطابق آج صبح تقریباً 5:30 بجے چنئی ہاربر سے والاجاہ روڈ سائڈنگ جانے والی ڈیزل سے بھری مال گاڑی کے درمیانی ٹینکر میں آگ لگ گئی اور کئی دیگر ٹینکر پٹری سے اتر گئے۔ آگ سے پورے علاقے میں دھواں پھیل گیا اور انتظامیہ نے مقامی لوگوں کو وہاں سے نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ انجن کے بعد تیسرے ٹینکر میں آگ لگ گئی جو 19ویں ٹینکر تک پھیل گئی۔ لوکو پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگائی اور تروولور کے اسٹیشن ماسٹر نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اوور ہیڈ پاور سپلائی کو بند کردیا۔موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے لگ بھگ آٹھ گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریلیف اور ریسکیو آپریشن اور پٹریوں کی مرمت کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جنوبی ریلوے کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ جنرل منیجر اور ڈویژنل ریلوے منیجر، ضلع انتظامیہ، این ڈی آر ایف اور فائر اینڈ ریسکیو خدمات کے ساتھ قریبی تال میل میں بچاؤ اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کرنے کے لیے جگہ پر موجود ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ چنئی جانے والے آس پاس کے اسٹیشنوں پراور راستے میں رکی ٹرینوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ٹی سی) بسوں کے ذریعے متبادل ٹرانسپورٹ فراہم کیا گیا۔چنئی سنٹرل سے شروع ہونے والی یا وہاں ختم ہونے والی کل 12 میل/ ایکسپریس ٹرینوں کو اس واقعے کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا اور کئی دیگر ٹرینوں کو یا تو موڑ دیا گیا تھا یا وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا تھا۔



