نوائیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کے بعد وزیر اعظم کاعوامی جلسے سے خطاب
نوئیڈا، 28 مارچ (یو این آئی)وزیرِاعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ پہلے کی حکومتیں ہوائی سفر کو صرف امیروں تک محدود سمجھتی تھیں، جبکہ موجودہ حکومت نے اسے عام اور غریب لوگوں کے لیے بھی قابلِ رسائی بنا دیا ہے۔نوائیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک کے ایوی ایشن سیکٹر میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے ملک میں صرف 74 ہوائی اڈے تھے، جبکہ اب ان کی تعداد بڑھ کر 160 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ صرف اتر پردیش میں ہی اب 17 ایئرپورٹس فعال ہیں، جس سے چھوٹے شہروں تک بھی رابطہ بہتر ہوا ہے۔وزیرِاعظم نے بتایا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نہ صرف ایئرپورٹس بنائے جائیں بلکہ ہوائی سفر کے کرایے بھی مناسب رکھے جائیں۔ اسی مقصد کے تحت اڑان اسکیم شروع کی گئی، جس کے ذریعے اب تک تقریباً 1.60 کروڑ افراد سستے کرایوں پر سفر کر چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اڑان اسکیم کے اگلے مرحلے کے لیے تقریباً 29 ہزار کروڑ روپے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت آئندہ آٹھ برسوں میں چھوٹے شہروں میں 100 نئے ہوائی اڈے اور 200 سے زائد ہیلی پیڈ تعمیر کیے جائیں گے۔مسٹر مودی نے کہا کہ ملک میں ہوابازی کے شعبے کی ترقی کے ساتھ جہازوں کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے اور انڈین ایئرلائنز نے سینکڑوں طیاروں کے آرڈر دیے ہیں۔ ان کی پرواز، دیکھ بھال اور مرمت کے لیے بڑے پیمانے پر افرادی قوت درکار ہوگی، جس کے لیے تربیتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پہلے ملک میں مرمت، دیکھ بھال اور اوورہال (ایم آر او) کی مناسب سہولت موجود نہیں تھی اور آج بھی 85 فیصد طیارے مرمت کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے پڑتے ہیں۔ حکومت اب اس شعبے میں بھی خود کفالت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوئیڈا ایئرپورٹ پر ایم آر او سہولت کے قیام سے نہ صرف ملک و بیرونِ ملک کے طیاروں کی مرمت یہیں ہوگی بلکہ اس سے آمدنی میں اضافہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
زیرِاعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز اتر پردیش کے جیور میں واقع نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا۔یہ دہلی-این سی آر کا دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے، جس سے مستقبل میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی، اور مغربی اتر پردیش کی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔وزیرِاعظم نے ریموٹ کے ذریعے ٹرمینل عمارت اور کارگو ہب کا افتتاح کیا، جبکہ یہاں مرمت، دیکھ بھال اور اوورہال (ایم آر او) سہولت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ افتتاح سے قبل انہوں نے ہوائی اڈے کے ٹرمینل کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر یوگی آدتیہ ناتھ، آنندی بین پٹیل اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ملک کے سب سے بڑے گرین فیلڈ ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، جسے پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت تقریباً 11,200 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ابتدائی مرحلے میں اس ہوائی اڈے کی سالانہ گنجائش تقریباً 1.2 کروڑ مسافروں کی ہے، جو مکمل ہونے پر بڑھ کر 7 کروڑ سالانہ تک پہنچ جائے گی۔ یہاں فی گھنٹہ 30 طیارے اترنے اور اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 3,900 میٹر طویل رن وے بڑے طیاروں کے لیے موزوں ہے، جبکہ جدید نیویگیشن سسٹم اسے ہر موسم میں دن رات فعال بناتے ہیں۔اس کے علاوہ یہاں جدید کارگو نظام بھی موجود ہے، جس میں ملٹی ماڈل کارگو ہب، مربوط کارگو ٹرمینل اور لاجسٹکس زون شامل ہیں، جہاں سالانہ 2.5 لاکھ ٹن مال کی ترسیل ممکن ہے، جسے مستقبل میں بڑھا کر 18 لاکھ ٹن تک کیا جائے گا۔ہوائی اڈے میں 40 ایکڑ پر مشتمل ایم آر او (مرمت و دیکھ بھال) سہولت بھی شامل ہے۔ اس کی تعمیراتی طرزِ تعمیر ہندستانی ثقافت سے متاثر ہے، جس میں قدیم گھاٹوں اور حویلیوں کی جھلک نظر آتی ہے، اور جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ ثقافتی حسن کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے۔یمنا ایکسپریس وے پر واقع یہ ہوائی اڈہ سڑک، ریل، میٹرو اور دیگر علاقائی ٹرانسپورٹ نظاموں سے منسلک ایک جدید ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ حب کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جو مسافروں اور مال برداری دونوں کے لیے بہتر رابطہ فراہم کرے گا۔



