ہومNationalسی بی ایس ای کے 12ویں کے نتائج کا اعلان

سی بی ایس ای کے 12ویں کے نتائج کا اعلان

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

گزشتہ سال کے مقابلے پاس فیصد میں 3.19 فیصد کی کمی

نئی دہلی، 13 مئی (یو این آئی) مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (سی بی ایس ای) نے بدھ کو 12ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، لیکن اس بار سالانہ نتائج میں گزشتہ سال کے مقابلے گراوٹ درج کی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اس سال کل پاس فیصد میں 3.19 فیصد کی کمی آئی ہے۔ اس بار رجسٹرڈ 17.80 لاکھ طلبہ میں سے 17,68,968 طلبہ امتحان میں بیٹھے، جن میں سے 15,07,109 طلبہ کامیاب رہے۔ اس سال کا مجموعی پاس فیصد 85.20 رہا، جبکہ سال 2025 میں یہ اعداد و شمار 88.39 فیصد تھا۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے نتائج میں واضح گراوٹ دیکھی گئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 12ویں کے نتائج میں اس بار بھی طالبات نے طلبہ کے مقابلے بازی ماری ہے۔ اس سال طالبات کا مجموعی پاس فیصد 88.86 رہا، جبکہ طلبہ کا پاس فیصد 82.13 درج کیا گیا۔ اس طرح کامیابی کے معاملے میں لڑکیاں لڑکوں سے 6.73 فیصد آگے رہی ہیں۔ تاہم، گزشتہ سال کے مقابلے طالبات کی کارکردگی میں بھی گراوٹ آئی ہے، کیونکہ پچھلی بار ان کا پاس فیصد 91.64 تھا، لیکن اس کے باوجود وہ لڑکوں سے بہتر پوزیشن میں برقرار ہیں۔ وہیں ٹرانس جینڈر زمرے میں شامل طلبہ کا نتیجہ صد فیصد رہا۔اگر اسکولوں کے زمرے پر نظر ڈالیں تو پاس فیصد کے معاملے میں گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی سرکاری اسکولوں نے نجی اسکولوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جہاں نجی اسکولوں کا پاس فیصد محض 84.22 رہا، وہیں سرکاری اسکولوں نے 89.55 فیصد کامیابی کی شرح کے ساتھ کافی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اتنا ہی نہیں، نجی اسکول دیگر زمروں جیسے سرکاری امداد یافتہ اسکول (86.07 فیصد) اور یہاں تک کہ اکلویہ ماڈل رہائشی اسکول (85.55 فیصد)سے بھی پیچھے رہے ہیں۔ سرکاری اسکولوں نے نجی اداروں کے مقابلے اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔ادارہ جاتی کارکردگی کو دیکھیں تو اس بار کیندریہ ودیالیہ (کے وی) کا دبدبہ رہا۔ مختلف اداروں کے درمیان کیندریہ ودیالیہ کی کارکردگی سب سے شاندار رہی۔ کے وی کے 98.55 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے، جبکہ جواہر نوودے ودیالیہ (جے این وی) 98.47 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ علاقائی کارکردگی کے معاملے میں تریویندرم ریجن نے ایک بار پھر بازی ماری اور 95.62 پاس فیصد کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کیا۔ وہیں چنئی (93.84 فیصد) دوسرے اور بنگلورو (93.19 فیصد)تیسرے نمبر پر رہا۔ اس فہرست میں سب سے نچلے پائیدان پر پریاگ راج (72.43 فیصد) اور پٹنہ (74.45 فیصد) رہے۔سی بی ایس ای نے بتایا کہ اس بار جانچ کے عمل کو مزید شفاف اور تکنیکی طور پر مضبوط بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی گئی تھیں۔ سی بی ایس ای کے مطابق، اس سال 12ویں جماعت کے بورڈ امتحان کے لیے کل 17,80,365 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا۔
امتحان کا کامیاب انعقاد ملک بھر کے 7,573 مراکز پر کیا گیا، جس میں بورڈ نے کل 120 مضامین کا امتحان لیا۔ یہ امتحانات 17 فروری 2026 سے شروع ہو کر 10 اپریل 2026 تک جاری رہے تھے۔ بورڈ نے اس سال امتحانی مراکز اور اسکولوں کی شرکت میں اضافہ کیا تھا۔ سال 2026 میں کل 19,967 اسکول اور 7,573 امتحانی مراکز کو اس عمل میں شامل کیا گیا، جبکہ سال 2025 میں 19,299 اسکول اور 7,330 امتحانی مراکز فعال تھے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.