تہران، 25 جون (یو این آئی) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد قائم کرنے کے لیے ایک طاقتور مسلم بلاک کے قیام کی تجویز پیش کی ہے جو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور پورے خطے میں امن و استحکام کو آگے بڑھانے کے قابل ہو۔ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسعود پزشکیان نے اسلام آباد میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران خطے میں امن قائم کرنے اور ثالثی کے لیے تعمیری کوششوں پر پاکستانی حکومت، عوام اور ملک کی عسکری قیادت کی تعریف کی۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی اقدامات مسلم ممالک کے درمیان یکجہتی کی اہمیت پر اس کے یقین کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک سیکٹرز میں وسیع تر تعاون کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی دنیا اہم سیاسی، اقتصادی اور انسانی صلاحیتوں کی حامل ہے، اس لیے مسلم ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی علاقائی بحرانوں کو حل کرنے اور مشکلات سے نکلنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔دورانِ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسعود پزشکیان کو حالیہ مذاکرات اور ایک معاہدے پر دستخط کے بارے میں آگاہ کیا اور سینئر ایرانی حکام بالخصوص ایرانی صدر کی حمایت کی تعریف کی۔انہوں نے عالم اسلام میں امن قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ کسی بھی مسلمان قوم کو مصائب کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ ایران نے استقامت سے اسرائیلی حکومت کو ایک اہم پیغام دیا ہے اور اپنے حقوق کا دفاع کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
ایران کی طاقتور مسلم بلاک بنانے کی تجویز
مقالات ذات صلة
