نئی دہلی، 25 جون (یواین آئی) امریکی ای-کامرس پلیٹ فارم امیزون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اینڈی جیسی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور آئندہ پانچ برسوں میں ہندوستان میں 48 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا۔کمپنی نے صرف چھ ماہ قبل 2030 تک ہندوستان میں 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد ایمیزون نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی توسیع اور معاونت کے لیے 2030 تک مزید 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ اس طرح آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی سرمایہ کاری 48 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔وزیر اعظم مودی نے ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ “میں ہندوستان میں ایمیزون کی ریکارڈ 48 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ اس سے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا بھارت میں سرمایہ کاری کے لیے بے حد پُرجوش ہے۔”ایمیزون کے مطابق 2010 سے 2030 کے درمیان بھارت میں اس کی مجموعی اعلان شدہ سرمایہ کاری 88 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ کمپنی نے کہا ہے کہ 2030 تک وہ 38 لاکھ سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ اسی عرصے میں اس کے پلیٹ فارم کے ذریعے ای-کامرس برآمدات 80 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی، جبکہ ڈیڑھ کروڑ چھوٹے کاروباروں اور سرکاری اسکولوں کے 40 لاکھ سے زائد طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی سہولیات سے فائدہ پہنچے گا۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اضافی 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ممبئی اور حیدرآباد میں اے ڈبلیو ایس ڈیٹا سینٹرز کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس سے اسٹارٹ اپس، کاروباری اداروں اور سرکاری تنظیموں کو جدید اے آئی چپس، منیجڈ اے آئی سروسز، محفوظ اور قابل اعتماد کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور ڈویلپر ٹولز دستیاب ہوں گے، جس سے وہ تیزی سے جدت، توسیع اور عالمی سطح پر خدمات فراہم کر سکیں گے۔کمپنی مستقبل میں ٹئیر-3 اور ٹئیر-4 شہروں میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
