30 جون تک40 اہم پیٹرو کیمیکل مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی
نئی دہلی، 2 اپریل (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے درمیان مرکزی حکومت نے پیٹرو کیمیکل مصنوعات کوبنیادی خام مال کے طور پر استعمال کرنے والی صنعتوں کو بڑی راحت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت مرکزی حکومت نے اگلے تین ماہ کے لیے 40 اہم پیٹرو کیمیکل مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی کو مکمل طور پر ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے اس قدم کا مقصد ہندوستانی مینوفیکچرنگ شعبے کو خام مال کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے بچانا ہے۔مرکزی حکومت کی طرف سے امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے درمیان لیا گیا یہ فیصلہ دوا سازی، آٹو پرزے، پلاسٹک، کپڑا، پیکیجنگ اور کیمیکل مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں کام کرنے والی صنعتوں کو کافی فائدہ دے گا۔ کسٹم ڈیوٹی کے خاتمے سے ان صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے کچھ راحت ملے گی۔ اس حوالے سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ،صنعتی خام مال جیسے ایسٹک ایسڈ، ایپوکسی ریزن، پیوریفائیڈ ٹیریفتھلک ایسڈ، میتھانول، فینول، ٹالیوین، این ہائیڈرس امونیا، ایتھیلین پولیمر اور مختلف اقسام کے فارملڈہائیڈ پر کسٹم ڈیوٹی 30 جون تک مکمل طور پر ختم کردی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کا ان اہم پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی ہٹانے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب مغربی ایشیا میں جغرافیائی- سیاسی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ اس کشیدگی نے دنیا بھر میں اہم پیٹرو کیمیکل خام مال کی دستیابی کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگنے عالمی سپلائی چین کو درہم برہم کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ان مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کسٹم ڈیوٹی کو ہٹا کر مرکزی حکومت کا مقصد ہندوستانی صنعتوں کے لیے ضروری خام مال کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔بتایا گیا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی کی اس چھوٹ کا مقصد سپلائی کو برقرار رکھنا اور ویلیو چین میں قیمتوں میں اضافے کو روکنا ہے۔



