Friday, December 19, 2025
ہومNationalدہرادون میں ایک جامع مسجد سیل، بغیر نقشہ پاس کرائے تعمیر کرنے...

دہرادون میں ایک جامع مسجد سیل، بغیر نقشہ پاس کرائے تعمیر کرنے کا الزام

دہرادون، 18 دسمبر:۔ (ایجنسی) اتراکھنڈ کے ضلع دہرادون کے ڈوئی والا میں بغیر نقشہ پاس کرائے مسجد تعمیر کرنے کے الزام میں ایک مسجد کو سیل کر دیا گیا۔ مسوری دہرادون ترقیاتی اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے بھاری پولیس فورس کی موجودگی میں جامع مسجد کو سیل کر دیا۔ مسوری-دہرا دون ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی ڈی اے) نے کہا کہ انہوں نے اپنے دائرہ اختیار میں بغیر نقشے کی منظوری کے تعمیرات کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔ یہ کارروائی گاؤں کنڈوگل، کڈیال گاؤں، تھانہ تحصیل ڈوئی والا، دہرادون میں واقع ایک معاملے میں کی گئی۔ یہ مسجد پہلے سے تعمیر شدہ رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر بغیر اجازت کے بنا لی گئی تھی۔

وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب نہ ملنے کا دعویٰ
ایم ڈی ڈی اے کے مطابق انہیں کسی کے توجہ دلانے پر معلوم ہوا کہ انتظامیہ کمیٹی جامع مسجد گاؤں کنڈوگل میں بلا اجازت اور بغیر نقشے کی منظوری کے تقریباً 20 بائی 40 فٹ میں مسجد تعمیر کر کے چلائی جا رہی تھی۔ 21 نومبر سنہ 2024 کو ایم ڈی ڈی اے نے اتراکھنڈ ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ، سنہ 1973 کے متعلقہ سیکشنز کے تحت ایک وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا، جس میں مزید تعمیراتی کاموں کو روکنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
وقف ریکارڈ میں مسجد کا اندراج نہیں تھا
کیس کی سماعت کے لیے تاریخیں مقرر کی گئی تھیں، لیکن فریق مخالف نے کسی بھی تاریخ پر کوئی تسلی بخش جواب یا ضروری دستاویزات پیش نہیں کیے۔ جونیئر انجینئر اور اسسٹنٹ انجینئر کی رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اتراکھنڈ مدرسہ ایجوکیشن کونسل، دہرادون کے خط نمبر 673 مورخہ 25 مارچ 2025 کے مطابق تھانو پنچایت علاقے میں کوئی بھی مدرسہ کونسل کے ذریعہ رجسٹرڈ یا تسلیم شدہ نہیں ہے۔ اتراکھنڈ وقف بورڈ کا خط نمبر 1493، مورخہ 22 مارچ 2025، بھی اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اس علاقے کی کوئی مسجد وقف ریکارڈ میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔
مسجد کمیٹی پر جان بوجھ کر تاخیر کا الزام
انتظامیہ کے مطابق مسجد کمیٹی نے ابھی تک کوئی تخفیف کا نقشہ (Mitigation map) پیش نہیں کیا اور بار بار کی شکایات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کیس میں جان بوجھ کر تاخیر کی جارہی ہے۔ دستیاب ریکارڈ، انجینئر کی رپورٹوں اور اتراکھنڈ ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ 1973 کی مختلف شقوں کی بنیاد پر اتھارٹی نے تمام غیر قانونی تعمیرات کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، جنہیں آج اتھارٹی کی ٹیم نے پولیس کی موجودگی میں سیل کر دیا۔ وہیں ایم ڈی ڈی اے کے نائب صدر بنشیدھر تیواری نے کہا کہ اتھارٹی کی حدود میں منظوری کے بغیر کی جانے والی کسی بھی تعمیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کیس میں سبھی فریقوں کو سننے کا پورا موقع دیا گیا لیکن قواعد پر عمل نہیں کیا گیا۔ شہر کی منصوبہ بند ترقی، تحفظ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے اس طرح کی قانونی کارروائی ضروری ہے اور یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔ اس معاملے پر ایم ڈی ڈی اے سیکریٹری موہن سنگھ برنیہ نے کہا کہ یہ کارروائی اتراکھنڈ ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ کے تحت کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ تمام تکنیکی رپورٹس اور ریکارڈ کی بنیاد پر کیا گیا۔ اتھارٹی ایسی ‘خلاف ورزیوں ‘ کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ اس معاملے پر مسجد کمیٹی یا مسجد کے کسی ذمہ دار کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے جس کی وجہ سے تاحال یہ واضح نہیں ہو سکتا ہے کہ اس معاملے پر ان کا کیا موقف ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات